بالآخر وارد ٹیلی کام کی جانب سے اپنے صارفین کو فورجی ایل ٹی ای سروسز فراہم کرنے کے لیے تاریخ کا اعلان کرہی دیاگیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے صارفین کو بھیجی گئی ای میلز اور خطوط کے مطابق، وارد اس سال ستمبر کے مہنیے تک ملک کے بڑے شہروں میں فور جی ایل ٹی ای سروسز کا آغاز کردے گی۔
یہ بات تو آپ سبھی جانتے ہونگے کہ وارد نے ملک میں ہونے والی تھری و فورجی لائسنس نیلامی میں حصہ نہ لیا، تاہم اپنے ٹیکنالوجی نیوٹرل لائسنس کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے کمپنی صارفین کو فور جی سروسز فراہم کرنے کی مجاز ہے۔ دو ماہ قبل ہی کمپنی کی جانب سے ملک بھر کے اخبارات میں فور جی ایل ٹی ای سروسز کے بڑے بڑے اشتہارات دیے گئے۔ جس کے باعث دیگر ٹیلی کام کمپنیاں اور خاص کر اکلوتے فور جی لائسنس کی حامل کمپنی زونگ نے خوب واویلا مچایا۔مگر کیا کیا جائے کہ پی ٹی اے نے دس سال پہلے خود ہی وارد کو ٹیکنالوجی نیوٹرل لائسنس جاری کیا تھا۔
خیر کمپنی کی جانب سے صارفین کو مطلع کیا گیا ہے کہ ایریکسن کے تعاون سے نیٹورک اپگریڈیشن کا سلسلہ جاری ہے اور ستمبر کے مہینے تک لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں فورجی ایل ٹی ای سروسز کی فراہمی شروع کردی جائے گی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ فور جی سروسز استعمال کرنے کے لیے نہ صرف آپ کے پاس فورجی والا فون ہونا چاہیےبلکہ آپ کو وارد کی نئی سم بھی خریدنا ہوگی۔
فور جی سروسز کے چارجز کیا ہونگے اور کیا کمپنی کی جانب سے صارفین کو چند ہفتے یا مہینے مفت فور جی سروس فراہم کی جائے گی؟ اس بارے میں فی الوقت کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ تاہم ہماری پوری کوشش ہے کہ آپ کو تازہ ترین اطلاعات سے باخبر رکھیں۔