پی ٹی سی ایل کی جانب سے کمپنی کی ویب سائیٹ کو حال ہی میں تبدیل کیا گیا ہے۔ نیا ڈیزائن نہ صرف جدید ویب سٹینڈرز پر پورا اترتا ہے بلکہ اس میں بزنس اور گھریلو صارفین کے لیے الگ سیکشن بھی بنادیے گئے ہیں۔
نئی ویب سائیٹ کا ڈیزائن بھی رسپانسیو ہے، یعنی جیسی سکرین ہوگی ویب سائیٹ سکٹر یا پھیل کر سکرین پر پوری آجائے گی۔ ہوم پیج پر موجود بڑا سا سلائیڈر صارفین کو پی ٹی سی ایل کی تازہ ترین آفرز کی تفصیلات دکھاتا ہے۔ یعنی ویب سائیٹ کا انٹرفیس پہلے کی نسبت کافی بہتر اور آسان ہے۔
تاہم پی ٹی سی ایل کی نئی ویب سائیٹ میں ایک بڑی خامی یہ ہے کہ اس کے تمام لنکس تو تبدیل کردیا گیا ہے۔ یعنی گوگل اور دیگر سرچ انجنز کے ساتھ ساتھ جن ویب سائیٹ پر پی ٹی سی ایل کی ویب سائیٹ کے لنک دیے گئے ہیں وہ اب کام نہیں کررہے۔ چونکہ لنکس کو تبدیل کردیا گیا ہے لہذا اب پرانا لنک کھولنے یا گوگل سرچ سے کسی خاص صفحہ پر جانے کی کوشش کریں تو 404 صفحہ نہ ملنے کا پیغام موصول ہوتاہے۔
404 ایریر کا موصول ہونا کسی بھی ویب سائیٹ کی رینکنگ اور سرچ انجن آپٹیمائزیشن کے حوالے سے بہت خطرنات فعل ہے۔ گوگل اور دیگر سرچ انجن ایسی ویب سائیٹ جن کے لنک کام نہ کریں انہیں اٹھا کر پیچھے پھینک دیتے ہیں۔ نتیجتاً اگر پی ٹی سی براڈ بینڈ پیکج سرچ کرنے پر سب سے پہلے پی ٹی سی ایل کی آفیشل ویب سائیٹ دکھائی جاتی تھی تو اب ایسا نہیں ہوگا۔
اگر پی ٹی سی ایل کے ویب ماسٹر تھوڑی سی عقل سے کام لیتے تو یہ خامی کبھی بھی پیدا نہ ہوتی اور اب بھی اسے دور کرنا بہت آسان ہے، تاہم مجھے نہیں لگتا کہ کمپنی اس حوالے سے کوئی اقدام کرئے۔
یہاں ایک قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ پی ٹی سی ایل کی جانب سے اب صارفین کے اکاؤنٹس اور ای پیمنٹ کے سسٹم کو بھی مرکزی ویب سائیٹ میں شامل کردیا گیا ہے۔ پی ٹی سی کی ویب سائیٹ جس طرح آئے روز ہیک ہوتی رہتی ہے اس کو دیکھتے ہوئے میرا مشورہ یہی ہوگا کہ ویب سائیٹ پر کسی بھی صورت اپنا ذاتی ڈیٹا فراہم مت کریں، ورنہ کل کو یہ تمام معلومات ہیکرز کے ہتھے بھی لگ سکتی ہیں۔