اینڈرائیڈ سے مزین نوکیا کا لومیا فون جلد آرہا ہے

نوکیا کے مداحوں کی دیرینہ خواہش تھی کہ دیگر کمپنیوں کی طرح نوکیا بھی اپنے سمارٹ فونز میں گوگل کے موبائل آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ کا استعمال کرئے۔ نوکیا نے مداحوں کی یہ خواہش تو ایکس فیملی کی شکل میں پوری کر دی، تاہم اس سے انکی تشفی نہ ہوسکی۔

اچھی خبر یہ ہے کہ اب کمپنی بہت جلد بہترین فیچرز سے مزین نوکیا لومیا فون متعارف کروانے کا ارادہ رکھتی ہے، جو کہ اینڈرائیڈ سے مزین ہوگا۔ جی ہاں، اندر کی یہ خبر مشہور ٹوئٹر اکاؤنٹ @evleaks کی جانب سے شیئر کی گئی ہے۔ آپ کو بتاتا چلوں کہ ایون نیلسن، جنہیں دنیا evleaks کے نام سے پہچانتی ہے ایک مشہور بلاگر ہیں اور اس سے قبل درجنوں موبائل فونز، ٹیبلٹس اور آپریٹنگ سسٹمز کے بارے میں درست پیش گوئیاں کر چکے ہیں۔

nokia-android

گو کہ انکی جانب سے فون کے فیچرز اور قیمت وغیرہ کے بارے میں تو کوئی معلومات نہیں فراہم کی گئیں۔ تاہم دیکھا جائے تو لومیا سیریز کے سمارٹ فون زیادہ تر اچھے فیچرز اور مہنگے ہارڈوئیر سے ہی مزین ہوتے ہیں۔ لہذا خیال یہی ہے کہ نیا فون سام سنگ کے گلیکسی ایس 5 کی ٹکر کا ہوگا۔ گوکہ لومیا کا لفظ سنتے ہی ذہن ونڈوز فون کی طرف جاتا ہے، لہذا کمپنی اگر اینڈرائیڈ سے مزین لومیا متعارف کروانے کا ارادہ رکھتی ہے تو اسکا نام کچھ اور ہونا چاہیے۔

جب مائیکروسافٹ نے نوکیا کو خریدا توماہرین یہی خیال کررہے تھے کہ اب ایکس فیملی کے فونز، نوکیا کی جانب سے  متعارف کروائے جانے والے پہلے اور آخری اینڈرائیڈ فون ہونگے۔ تاہم مائیکروسافٹ نے تمام اندازوں کو غلط ثابت کرتے ہوئے حال ہی میں ایک اور اینڈرائیڈ فون ایکس 2 لانچ کردیا۔

مائیکروسافٹ کی جانب سے یکدم اینڈرائیڈ کی طرف جھکاؤ کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ دنیا بھر ونڈوز فون کے مارکیٹ شیئر میں کافی کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔جسکی وجہ سے کمپنی کا منافع کم سے کم تر ہوتا جارہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب مائیکروسافٹ نے اپنی آمدن کا ایک اور ذریعہ پیدا کرلیا ہے، یعنی اینڈرائیڈ فونز میں گوگل کی بجائے اپنی ایپلیکیشنز شامل کردی ہیں۔

اگر evleaks کی یہ خبر درست ثابت ہوتی ہے تو امید یہی ہے کہ اگلے چند ماہ کے اندر صارفین کو اچھے ہارڈوئیر سے مزین نوکیا اینڈرائیڈ فون دیکھنے کو ملے گا۔ یا پھر میرے خیال میں شاید کمپنی دو آپریٹنگ سسٹمز سے مزین فون متعارف کروانے جارہی ہے، جس میں بیک وقت ونڈوز فون اور اینڈرائیڈ چل سکیں۔ کیونکہ چین اور بھارت کی چند کمپنیاں بھی جلد ڈول آپریٹنگ سسٹم سے مزین فونز مارکیٹ میں لانچ کرنے والی ہیں۔

اس بارے میں آپ کی رائے کیا ہے؟ کیا نوکیا کی جانب سے ونڈوز فون کو چھوڑ کراینڈرائیڈ پر منتقل ہوجانا درست فیصلہ ہے؟ تبصرہ ضرور کیجئے گا۔