گوگل کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کمپنی اس سال ستمبر میں سماجی روابط کی ویب سائیٹ Orkut کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے بند کردے گی۔ اگر آپ کو انٹرنیٹ استعمال کرتے 5 سال یا اس سے زائد کا عرصہ بیت چکا ہے تو یقیناً آپ نے یہ سروس ضرور استعمال کی ہوگی۔ ایک رپورٹ کے مطابق Orkut برازیل، بھارت اور پاکستان میں ہی سب سے زیادہ استعمال کی جانے والی سروس تھی۔
گوگل نے سماجی روابط کی اس سروس کا آغاز 2004 میں کیا، اس کا نام Orkut ترکی سے تعلق رکھنے والے ڈیویلپر Orkut Büyükkökten کے نام کی مناسبت سے رکھا گیا ۔ دیگر سوشل ویب سائیٹس کی طرح آرکٹ پر بھی صارفین اپنی پروفائل بنا کر تصاویر اور ویڈیوز کے ساتھ ساتھ اپنے پیغامات شیئر کرتے ہیں۔ آرکٹ میں گوگل ٹالک کی سروس کو بھی شامل کیا گیا جسکی مدد سے ایک صارف اپنے دوستوں سے فوری طور پر پیغامات کا تبادلہ کرسکتا ہے۔ آرکٹ کی خاص بات یہ ہے کہ آپ اس پر مختلف قسم کی تھیمز لگا کر اسکے انٹرفیس کو بھی بدل سکتے ہیں۔
گذشتہ چند سالوں کے دوران فیس بک کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے آرکٹ اور اسطرح کی دیگر پرانی سوشل نیٹورکنگ ویب سائیٹس کو کافی نقصان پہنچایا ہے۔ گوگل کی جانب سے کی گئی بلاک پوسٹ کے مطابق کمپنی کی دیگر سروسز جن میں یوٹیوب، بلاگر اور گوگل پلس شامل ہیں؛ آرکٹ کے مقابلے میں زیادہ مقبولیت حاصل کرچکی ہیں۔ وسائل کی بچت کرنے کے لیے اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ آرکٹ کو ہمیشہ کے لیے بند کردیا جائے۔
کمپنی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق آرکٹ کی سروس کو 30 ستمبر 2014 کو بند کردیا جائے گا، تاہم صارفین ستمبر 2016 اپنا ڈیٹا Google Takeout ٹول کی مدد سے ڈاؤنلوڈ کرسکتے ہیں ۔ اسکے علاوہ صارفین اپنی پروفائل کو گوگل پلس کے ساتھ جوڑ سکتے ہیں مگر وہ کسی قسم کا ڈیٹا گوگل پلس پر منتقل نہیں کر پائیں گے۔گوگل کی جانب سے آرکٹ کمیونیٹیز میں کی گئی بحث کو محفوظ کر لیا جائے گا اور صارفین آرکٹ سروس بند ہوجانے کے بعد بھی پرانی معلومات حاصل کرسکیں گے۔
اب آرکٹ پر نیا اکاؤنٹ بنانے کی سہولت بھی ختم کردی گئی ہے اور اسکے ساتھ ساتھ اینڈرائیڈ اور ایپل سٹور پرموجود آرکٹ ایپلی کیشن کو بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ اگر آپ نے بھی آرکٹ اکاؤنٹ بنا رکھا ہے تو اپنا ڈیٹا آج ہی ڈاؤنلوڈ کرلیں، یا پھر آپ 2016 کا انتظار کیے بغیر خود سے اپنا اکاؤنٹ ڈیلیٹ بھی کرسکتے ہیں۔