وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات پر پی ٹی اے کی جانب سے پاکستان بھر میں افغان ٹیلی کام کمپنیوں کی جاری کردہ سمز کی رومنگ بند کردی گئی ہے۔
جو دوست رومنگ کے بارے میں نہیں جانتے، انہیں بتاتا چلوں کہ اس سروس کے ذریعے آپ کسی دوسرے ملک میں وہاں کے مقامی نیٹورکس کی مدد سے اپنی وہی سم استعمال کرتے ہوئے کالز یا ایس ایم ایس کرسکتے ہیں۔گو کہ اس کے چارجز مختلف ہونگے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق پاکستان کے قبائلی علاقوں میں دہشت گرد افغان سمز کا استعمال کرتے ہوئے آپس میں رابطہ رکھے ہوئے ہیں۔ چونکہ پاکستان بھر میں سمز کے اجراء کا نیا نظام اپنایا جاچکاہے اور غیر رجسٹرڈ سموں کو بلاک کیا جارہاہے، اس لیے اب شر پسند عناصر سرحد پار سے موبائل سمز خرید کر انہیں رابطہ کے لیے استعمال کررہے ہیں۔
افغان سمز کی رومنگ بند کرنے سے کم و بیش 45 ہزار غیر رجسٹرڈ کنکشن بند ہوجائیں گے، جسکی وجہ سے نہ صرف دہشت گردوں کے رابطہ کو منقطع کیا جاسکے گا بلکہ خطے میں بڑھتی ہوئی اغوا کی وارداتوں کو روکنے میں بھی مدد ملے گی۔
پی ٹی اے کے مطابق تمام پاکستانی ٹیلی کام کمپنیوں نے احکامات پر عمل شروع کردیا ہے اور جلد ہی ملک بھر میں افغان سمز کو ناقابل استعمال بنا دیا جائے گا۔