نوکیا نے اینڈرائیڈ سے مزین ایکس فیملی کا ایک اور فون ایکس 2 متعارف کروا دیا

آپ کو یاد ہوگا کہ اس سال موبائل ورلڈ کانگرس کے موقع پرنوکیا کی جانب سے ایک نہیں بلکہ تین اینڈرائیڈ سمارٹ فونز متعارف کروائے گئے۔ نوکیا اور مائیکروسافٹ کے درمیان ڈیل مکمل ہونے جانے کے بعد یہ خیال کیا جارہا تھا کہ شاید ایکس فیملی کے یہ تین فون پیش کرنے کے بعد کمپنی مزید اینڈرائیڈ فون متعارف نہ کروائے، مگر ایسا ہرگز نہیں اور گذشتہ روز مائیکروسافٹ ڈیوائسز کی جانب سے ایک نیا فون ایکس 2 متعارف کروا دیا گیا ہے۔

نوکیا ایکس 2 کا ڈیزائن بڑی حد تک پچھلے فون ایکس جیسا ہی ہے تاہم اب کی بار اس چند تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔ فون کے سکرین سائز اور ریم کو بڑھا دیا گیا ہے اور اس میں سامنے کی جانب کیمرہ اور ٹچ کیز کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔

nokia-x2

نوکیا ایکس 2 میں 4.3 انچ لمبی آئی پی ایس کلیئر بلیک ایل سی ڈی نصب کی گئی ہے، تاہم اسکی ریزولیوشن میں اضافہ نہیں کیاگیا اور وہ 800×480 ہی ہے۔ سکرین کے اوپر VGA کیمرہ کو شامل کیا گیا ہےا ور سکرین کے نیچے اب ایک کی بجائے دو بٹن شامل کیے گئےہیں۔ نوکیا ایکس صارفین کو سب سے بڑا مسئلہ یہ درپیش تھا کہ بیک اور ہوم کے لیے ایک ہی بٹن مختص تھا لیکن اب ہوم کا بٹن الگ کر دیا گیا ہے۔

فون کی پشت پر کیمرہ میں بھی بہتری لائی گئی ہے اور اب اس میں 5 میگا پکزل آٹو فوکس کیمرہ نصب کیا گیا ہےاور اسکے ساتھ ایل ای ڈی فلیش لائٹ کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔

فون کے ہارڈوئیر میں بھی بہتری لائی گئی ہے اور اب کی بار اس میں سنیپ ڈریگن 200 کا 1.2GHz پراسیسر نصب کیا گیا ہے اور ریم کا سائز بڑھا کر 1GHz کر دیا گیا ہے۔ تاہم میموری کو 4 گیگا بائیٹ ہی رکھا گیا ہے، جسے آپ میموری کارڈ لگا کر بڑھا بھی سکتے ہیں۔ نوکیا ایکس فیملی کے دیگر فونزکی طرح یہ بھی دوسموں کا حامل ہے اور آپ سم 1 پر تھری جی نیٹورک بھی چلا سکتے ہیں۔

x2-2

نوکیا ایکس 2 میں بیٹری کے صلاحیت کو بڑھا کر 1800mAh کردیا گیا ہے، چونکہ سکرین سائز میں بھی اضافہ کیا گیا ہے لہذا اس فون کی بیٹری ٹائمنگ بھی کم و بیش نوکیا ایکس جتنی ہی ہوگی۔ تاہم یہ اس سے تھوڑا موٹا اور بھاری ہے۔

نوکیا ایکس 2 میں اینڈرائیڈ 4.3 جیلی بین آپریٹنگ سسٹم پر مبنی نوکیا ایکس 2 انٹرفیس کا استعمال کیا گیاہے۔ آپ اس سسٹم پر کم وبیش تمام اینڈرائیڈ ایپلی کیشنز چلا تو سکتے ہیں تاہم اس میں گوگل پلے سٹور کو شامل نہیں کیا گیا۔

nokia-x2-back

پاکستان میں اس فون کو کب لانچ کیا جائے گا اس بارے میں تو کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئی تاہم اسکی قیمت لانچ کے وقت 14 ہزار یا زائد مقرر کی جائے گی۔ گو کہ دیگر کم قیمت موبائل فونز جیسے کیو موبائل کے مقابلے میں نوکیا ایکس سیریز فونز کچھ مہنگے ہیں تاہم نوکیا کے اعلی معیار کو دیکھتے ہوئے انکی قیمت مناسب ہی معلوم ہوتی ہے۔

نوکیا کے اس نئے فون کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے اور کیا آپ اسے خریدنا پسند کریں گے؟ تبصرہ ضرور کیجئے گا۔