ایچ پی نے پہلا اینڈرائیڈ لیپ ٹاپ متعارف کروادیا

کم و بیش ایک ماہ پہلے انٹرنیٹ پر ایچ پی کے پہلے اینڈرائیڈ لیپ ٹاپ کی تفصیلات لیک ہوئیں اور آج کمپنی کی جانب سے باضابطہ طور پر 14 انچ لمبی سکرین کا حامل یہ اینڈرائیڈ لیپ ٹاپ متعارف کروا دیا گیا ہے۔

hp-slate

لیپ ٹاپ کی 14 انچ لمبی ٹچ سکرین فل ایچ ڈی ریزولیوشن فراہم کرتی ہے اور کمپنی دعوی کے مطابق تمام اینڈرائیڈ ایپلی کیشنز پوری سکرین پر پھیل جائیں گی، اور آپ کی بورڈ کے ساتھ ساتھ لیپ ٹاپ کی ٹچ سکرین بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

ایچ پی کا یہ دبلا پتلا لیپ ٹاپ جسکا وزن محض 1.7 کلوگرام اور موٹائی 16 ملی میٹر ہے اینڈرائیڈ جیلی بین 4.3 سے مزین ہے۔ اس لیپ ٹاپ میں 1.8GHz کواڈ کور Nvidia Tegra 4 پراسیسر کا استعمال کیا گیا ہے اور اس میں 2 گیگا بائیٹ ریم نصب ہے۔ لیپ ٹاپ 16 ، 32 اور 64 گیگابائیٹ میموری کے مختلف ورژنز میں دستیاب ہے جبکہ آپ اس میں میموری کارڈ بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

games

ایچ پی سلیٹ بک میں وائی فائی، بلیوٹوتھ اور ویڈیو کالنگ کے لیے کیمرہ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ اس لیپ ٹاپ میں Beats Audio کے سپیکر بھی نصب ہے۔ لیپ ٹاپ میں ایک USB 3.0، ایک USB 2.0 اور ایک HDMI پورٹ بھی موجود ہے اور اسکے ساتھ ساتھ ہیڈفونز لگانے کے لیے 3.5mm جیک بھی فراہم کیاگیا ہے۔

hp-ports

کمپنی کا دعوی ہے کہ اس لیپ ٹاپ کی بیٹری کم و بیش 9 گھنٹے تک چلے گی تاہم بیٹری کے بارے میں زیادہ معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ ایچ پی سلیٹ بک 14 اس سال اگست کے مہینے میں فروخت کے لیے پیش کی جائے گی اوراسکی قیمت 400 امریکی ڈالر سے شروع ہوگی۔