لیجئے جناب مائیکروسافٹ ڈیوائسز (نوکیا) نے اینڈرائیڈ سےمزین سمارٹ فون نوکیا ایکس کے بعد اب پاکستان میں نوکیا ایکس ایل بھی متعارف کروا دیا ہے۔ اس حوالے سے کل لاہور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں حاضرین کو نوکیا ایکس ایل کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔
نوکیا ایکس ایل دیکھنے میں تو بالکل ایکس جیسا ہی ہے تاہم اس سائز تھوڑا بڑا ہے اور اسکی پرفارمنس بھی اچھی ہے۔ نوکیا ایکس ایل میں 5 انچ لمبی IPS سکرین نصب ہے جسکی ریزولیوشن تو انتہائی کم 800×480 پکزل ہے تاہم سکرین میں رنگوں کا تناسب کافی اچھا ہے اور نوکیا کے ٹائل انٹرفیس کی بدولت آپ کو کم ریزولیوشن زیادہ بری نہ لگے گی۔
نوکیا ایکس کے مقابلے میں اس فون میں سامنے کی جانب بھی 2 میگا پکزل کیمرہ نصب ہے اور پشت کی جانب 5 میگاپکزل آٹو فوکس کیمرہ کے ساتھ ایل ای ڈی بھی فراہم کی گئی ہے۔
فون کا ہارڈوئیر میں بھی زیادہ فرق نہیں، ایکس ایل میں1 گیگا ہرٹز ڈول کور پراسیسر، 768 میگا بائیٹ ریم اور 4 گیگا بائیٹ میموری نصب ہے۔ جبکہ آپ اس میں 32 گیگا بائیٹ تک کا میموری کارڈ بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
نوکیا ایکس ایل میں اینڈرائیڈ 4.1.2 جیلی بین کا استعمال کیا گیا ہے اور اس پر نوکیا ایکس کا انٹرفیس کام کرتا ہے۔ تاہم تقریب میں موجود سمارٹ فونز پر عام اینڈرائیڈ لانچر انسٹال کیا گیا تھا۔ مجھے امید ہے کہ بازار میں دستیاب فونز پر بھی یہی لانچر استعمال کیا گیا ہوگا کیونکہ اکثر صارفین کے مطابق انہیں نوکیا کا ٹائل انٹرفیس کافی مشکل لگا ہے۔
نوکیا ایکس ایل اس وقت بازار میں ایک سال کی وارنٹی کے ساتھ 17 ہزار پانچسو روپے میں دستیاب ہے۔ آپ اسے 6 مختلف رنگوں میں خرید سکتے ہیں اور جلد ہی اسکے شیل الگ سے بھی دستیاب ہونگے۔