اگر آپ پزل حل کرنے کے شوقین ہیں تو یقیناً آپ نے روبک کیوب یعنی (چکوروں کے چکور) کا نام تو سن ہی رکھا ہوگا۔ یہ کھلونا 1974 میں ہنگری کے ایک پروفیسر اور مجسمہ ساز Erno Rubik نے ایجاد کیا۔
گوگل کی جانب سے اس کھلونے کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر Google.com پر روبک کیوب کا ڈوڈل لگایا گیا ہے۔ یہ ڈوڈل بالکل اصل کھلونے کی طرز پر ہی بنایا گیا ہے اور آپ اسے ہر زاویہ سے گھماسکتے ہیں۔ ایک روبک کیوب کے چھے رخ ہوتے ہیں اور ایک رخ پر نو چھوٹے خانے ہوتےہیں۔ آپ کو اس کیوب کو گھما گھما کر ہر رخ پر ایک ہی رنگ کے خانے لانا ہوتے ہیں۔
گوگل لیب کے نمائندہ کے مطابق کمپنی کافی عرصہ سے کوشش کررہی تھی کہ روبک کیوب کا ڈوڈل بنایا جائے۔ تاہم ویب براوزرز میں تھری ڈی اور سی ایس ایس کی سپورٹ کا مسئلہ درپیش تھا۔ مگر اب کم و بیش تمام نئے براوزر بشمول کروم، فائرفاکس اور اوپرا جدید فیچرز سے مزین ہیں۔
تو جناب اب دیر مت کیجئے اور ابھی گوگل کی ویب سائیٹ پر جائیں یا اس لنک پر کلک کیجئے اور یہ دلچسپ پزل حل کرنے کی کوشش کریں۔ اگر آپ اسے کم سے کم باریوں میں حل کرلیتے ہیں تو کمنٹس میں اسکی سکرین شاٹ دینا مت بھولیے گا۔