آج کا دور بلاشبہ موبائل فونز کا دور ہے، 15 سال سے زائد عمر افراد کے پاس اپنا موبائل فون ہونا ایک عام سی بات ہے۔ اس جدید سہولت کے مدد سے آپ گھر، دفتر یا سڑک پر چلتے میلوں دور اپنے دوست عزیزوں سے گفتگو کر سکتے ہیں۔ تاہم نابینا افراد کے لیے اس کا استعمال تھوڑا مشکل ہے۔ وہ کالز سن تو لیتے ہیں مگر بعض اوقات کال ملانا کافی مشکل ہوتا ہے اور اسکے لیے انہیں کسی دوسرے کی مدد لینا پڑتی ہے۔
اسی مشکل کا حل نکالا ہے لندن کی ایک کمپنی OwnFone کی نے، جس نے نابینا افراد کے لیے پہلا بریل فون متعارف کروادیا گیا ہے۔ 60 برطانوی پونڈ مالیت کا یہ فون تھری ڈی پرنٹنگ کی مدد سے تیار کیا گیا ہے اورصارف کی ضرورت کے مطابق اسکے ڈیزائن میں تبدیلی بھی کی جاسکتی ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ نابینا افراد کے لیے فون بنانے کا تصور کچھ نیا نہیں اور اس سے قبل دیگر کمپنیاں بھی ایسی کوشش کر چکی ہیں، تاہم OwnFone مارکیٹ میں یہ موبائل فون فروخت کرنے والی پہلی کمپنی بن گئی ہے۔
فون کے موجد ٹام سنڈرلینڈ کے مطابق فون کی تیاری میں لاگت کم رکھنے کے لیے اسکی بیرونی سطحوں کو تھری ڈی پرنٹر کی مدد سے بنایا گیا ہے۔ اس فون میں نابینا افراد کے لیے بریل زبان میں مختلف بٹن فراہم کیے گئے ہیں جن کی پروگرامنگ کرکے نابینا افراد اپنے گھر والوں، دوستوں یا ایمرجنسی نمبر خود ڈائل کرسکتے ہیں۔
اسکے علاوہ جو لوگ بریل نہیں جانتے انکے لیے فون کی سطح پر ابھرے ہوئے حروف بھی پرنٹ کیے جاسکتے ہیں۔ یہ نیا فون فی الوقت صرف برطانیہ میں دستیاب ہے اور اسکی قیمت 60 پونڈ یعنی کم و بیش 10 ہزار روپے ہے۔ یہ فون مختلف رنگوں میں دستیاب ہے اور نابینا افراد کے اہل خانہ انکے لیے اس فون میں ویب سائیٹ پر جاکر اپنی مرضی کے بٹن بھی لگوا سکتے ہیں اور انکی پروگرامنگ کو بھی تبدیل کرسکتے ہیں۔
اون فون نامی یہ کمپنی اس سے قبل بچوں اور برزگوں کے لیے بھی خصوصی فون متعارف کروا چکی ہے، اور اب نابینا افراد کے لیے بریل فون مارکیٹ میں پیش کر دیا گیا ہے۔ اس فون کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟ کیا واقعی یہ نابینا افراد کے لیے مددگار ثابت ہوگا؟ اپنی آراء سے آگاہ ضرور کیجئے گا