لیجئے جناب وہ دن آ پہنچا جس کا سب ونڈوز ایکس پی صارفین کو ڈر تھا۔ آج مائیکروسافٹ نے اپنے مشہور کمپیوٹر آپریٹنگ سسٹم ’ونڈوز ایکس پی‘ کی سپورٹ ہمیشہ کے لیے ختم کر دی ہے۔ جیسا کہ ہم آپکو پہلے بھی بتا چکے ہیں کہ اسکا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ یکایک آپکی ونڈوز کام کرنا چھوڑ دے گی، بلکہ اسکا مطلب یہ ہے کہ آج کے بعد مائیکروسافٹ اس 13 سال پرانے آپریٹنگ سسٹم کے لیے کسی قسم کا اپڈیٹ یا سیکیورٹی پیچ فراہم نہیں کرے گی۔
گو کہ ونڈوز ایکس پی کافی پرانا آپریٹنگ سسٹم ہے تاہم ایک رپورٹ کے مطابق آج بھی دنیا بھر میں انٹرنیٹ سے منسلک کم و بیش 28 فیصد صارفین یہی آپریٹنگ سسٹم استعمال کررہے ہیں، جن میں مالیاتی ادارے اور اے ٹی ایم مشینیں بھی شامل ہیں۔ اب جبکہ مائیکروسافٹ نے اس سسٹم کو ناقابل استعمال قرار دے دیا ہے تو وہ تمام صارفین بڑی مشکل میں پڑ گئے ہیں۔
ونڈوز ایکس پی کے ساتھ ساتھ دنیا کے سب سے ناقص ویب براؤزر انٹرنیٹ ایکسپلورر کے ورژن 6, 7 اور 8 کا بھی خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ گو کہ آج سے دس سال قبل یہ براؤزر استعمال کرنا ایک مجبوری تھی تاہم اب اسکے بہت سے متبادل موجود ہیں۔ اسی طرح مائیکروسافٹ آفس 2003 بھی اب ناقابل استعمال قرار دے دیا گیا ہے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ چینی حکومت کی درخواست پر مائیکروسافٹ اگلے چند برسوں تک چین میں ونڈوز ایکس پی کی سپورٹ جاری رکھے گی۔ اسی طرح چند بڑی کمپنیوں اور مالیاتی اداروں نے بھی مائیکروسافٹ سے خصوصی معاہدے کر لیے ہیں جنکی بدولت وہ اگلے چند سالوں تک چھوٹے موٹے اپڈیٹس حاصل کرتے رہیں گے۔
لیکن ان لوگوں کا کیا ہوگا جنہیں آج کے بعد کوئی اپڈیٹ میسر نہیں؟ اینٹی وائرس بنانے والی کمپنیوں کے مطابق اب ان پر وائرس کا حملہ چھے گنا بڑھ جانے کا امکان ہے۔ اسی طرح جو صارفین پرانا انٹرنیٹ ایکسپلورر ہی استعمال کررہے ہیں انکا کمپیوٹر اور ذاتی معلومات ہیک ہونے کا بھی خدشہ ہے۔
تاہم گھبرانے کی ضرورت نہیں، اور یوں تو پاکستان میں اکثریت ونڈوز کا ’غیر قانونی‘ ورژن استعمال کررہی ہے جو کبھی اپڈیٹ بھی نہیں ہوتا۔ آپ ونڈوز ایکس پی کو تب تک استعمال کرسکتے ہیں جب تک آپ کا دل چاہے۔ بس کچھ احتیاطی تدابیر کرنا ہونگی، جو کہ درج ذیل ہیں:
- مائیکروسافٹ نے ونڈوز ایکس پی کا آخری اپڈیٹ آج جاری کیا ہے اسے ڈاؤنلوڈ اور انسٹال کر لیجئے۔
- کوئی بھی اچھا اینٹی وائرس اور فائر وال استعمال کریں، ہم آپ کو Comodo کا مشورہ دیں گے جو مفت بھی ہے اور اچھی بھی۔
- انٹرنیٹ ایکسپلورر کی بجائے فائر فاکس یا پھر گوگل کروم استعمال کریں جو زیادہ تیز رفتار اور محفوظ براؤزر ہیں۔
اگر آپکا کمپیوٹر نیا آپریٹنگ سسٹم جیسے ونڈوز سیون چلانے کی اہلیت رکھتا ہے تو کوشش کریں کہ اس پر اپگریڈ ہوجائیں کیونکہ بہت جلد سافٹوئیر بنانے والی کمپنیاں بھی ایکس پی کے لیے سافٹوئیر بنانا ختم کردیں گی، جیسا کہ اب بہت سے سافٹوئیر ونڈوز 98 پر کارآمد نہیں، یہی حال اب ونڈوز ایکس پی کا ہوگا۔
مائیکروسافٹ کی کوشش ہے کہ تمام صارفین نئے آپریٹنگ سسٹم، جیسے ونڈوز سیون، 8 یا پھر 8.1 پر منتقل ہوجائیں۔ آج کمپنی کی جانب سے ونڈوز 8.1 کے لیے ایک نیا اپڈیٹ بھی جاری کیا گیا ہے جو بہت سے بگز کے خاتمے کے ساتھ ساتھ ڈیسکٹاک اور لیپ ٹاپ صارفین کے لیے نئے فیچرز بھی لایا ہے۔
کیا آپ ابھی تک ونڈوز ایکس پی استعمال کررہے ہیں، اسکی وجہ آپکا پرانا کمپیوٹر ہے یا پھر آپ تبدیلی سے گھبراتے ہیں؟ ونڈوز ایکس پی سپورٹ ختم کیے جانے پر آپکی رائے کیا ہے؟ تبصرہ ضرور کیجئے گا۔