پاکستان میں براڈبینڈ صارفین کی تعداد میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے اور بہت سے صارفین کے پاس وائی فائی روٹر موجود ہیں جنکی بدولت اب کمپیوٹر، لیپ ٹاپ یا موبائل پر بناء تار کے انٹرنیٹ استعمال کیا جاسکتا ہے۔ تاہم اکثر دوستوں کو یہ شکایت رہتی ہے کہ انکا وائرلیس انٹرنیٹ کافی سست روی کا شکار رہتا ہے اور اسکے لیے وہ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنی کو مورد الزام ٹھہراتے ہیں۔
مگر بعض اوقات اس میں قصور انٹرنیٹ کمپنی کا نہیں ہوتا بلکہ آپکے اس پاس گھروں اور دفاتر میں لگے روٹر سگنلز کی ترسیل کے لیے ایک ہی وائی فائی چینل استعمال کررہے ہوتے ہیں جسکی وجہ سے آپکی انٹرنیٹ سپیڈ میں مسئلہ پیدا ہوتا ہے۔
یہ جاننے کے لیے کہ آپکا وائی فائی روٹر کونسا چینل استعمال کررہا ہے اور گردوپیش دیگر روٹرز کونسے چینل پر ہیں، ونڈوز صارفین ایک مفت سافٹوئیر ViStumbler ڈاؤنلوڈ کریں۔ لینکس اور میکنٹوش صارفین Kismet نامی سافٹوئیر کا استعمال کر سکتے ہیں۔
انسٹالیشن کے بعد آپ Scan APs کا بٹن دبائیں اور چند لمحوں میں یہ آپ کے روٹر سمیت گردوپیش کے تمام وائی فائی روٹرز کی تفصیلات آپ کی سکرین پر دکھادے گا۔ ان تفصیلات میں سب سے اہم Channel کا کالم ہے جس میں آپکے روٹر کا چینل اور دیگر روٹرز کا چینل بتایا جائے گا۔ مثلاً اگر آپ چینل 1 کا استعمال کررہے ہیں اور دیگر بہت سے روٹرز بھی اسی چینل پر سگنل بھیج رہے تو آپ کا انٹرنیٹ سست روی کا شکار ہوسکتا ہے۔ لہذا آپ اپنا چینل (1 سے 11 تک ) تبدیل کرلیں جو منفرد ہو یا بہت کم افراد استعمال کر رہے ہوں۔
چینل تبدیل کرنے کے لیے آپ کو اپنے موڈیم کی ایڈمن پینل میں لاگ ان ہونا پڑے گا۔ مثال کے طور پر پی ٹی سی ایل صارفین http://192.168.1.1 پر جاکر admin/admin یا اپنا منتخب کیا گیا صارف نام اور پاسورڈ درج کریں اور وہاں سے وائی فائی کی advanced سیٹنگز کا انتخاب کریں اور اپنا وائرلیس چینل تبدیل کرلیں۔
تو جناب اگر آپ کا انٹرنیٹ ایک ہی چینل استعمال کرنے کی وجہ سے سست روی کا شکار تھا تو اب آپ محض چند منٹوں میں اس خامی کو دور کرسکتے ہیں۔