فیس بک موبائل صارفین کو دوستوں سے چیٹ کے لیے اب لازمی طور پر میسنجر ڈاؤنلوڈ کرنا ہوگا

مشہور ٹیکنالوجی بلاگ Mashable کی ایک خبر کے مطابق فیس بک انتظامیہ اس پر غور کررہی ہے کہ موبائل فون پر فیس بک ایپلی کیشن میں سے ’چیٹ‘ کا فیچر ختم کردیا جائے، جسکے بعد صارفین مجبور ہوجائیں کہ وہ فیس بک میسنجر ایپلی کیشن ڈاؤنلوڈ کریں۔

اس حوالے سے اکثر صارفین کو فیس بک ایپلی کیشن استعمال کرنے پر یہ نوٹیفیکیشن دکھائی جارہی ہے کہ وہ اپنے دوستوں سے چیٹ کے لیے جلد از جلد فیس بک میسنجر ڈاؤنلوڈ کرلیں کیونکہ جلد چیٹ کی آپشن اصل فیس بک ایپلی کیشن سے ختم کر دی جائے گی۔
facebook-messenger-must
صارفین کو اس کے لیے کم و بیش 2 ہفتے کی مہلت دی گئی ہے جسکے بعد فیس بک کی ایپلیکشن آپ کو چیٹنگ کے لیے میسنجر پر منتقل کردے گی۔ اگر آپ نے پہلے سے فیس بک میسنجر انسٹال نہیں کر رکھا تو آپ کو اسے گوگل پلے سٹور یا ایپل سٹور سے ڈاؤنلوڈ کرنا ہوگا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ فیس بک نے حال میں موبائل میسجنگ سروس وٹس ایپ کو ایک بھاری رقم کے عوض خریدا ہے۔ جسکے بعد یہ خیال کیا جارہا تھا کہ شاید فیس بک اپنا موبائل میسنجر ختم کردے۔ کیونکہ کمپنی نے ونڈوز اور فائر فاکس پر بھی اپنا میسنجر بند کر دیا ہے۔ تاہم اسکے برعکس اب فیس بک موبائل صارفین کو جبری طور پر فیس بک میسنجر پر منتقل کررہی ہے۔

اس بارے میں آپ کی رائے کیا ہے؟ کیا آپ فیس بک کی جانب سے ایک ایپلی کیشن کی بجائے دو دو ایپلیکیشنز کے استعمال کو درست سمجھتے ہیں؟