ونڈوز فون کے لیئے بلیک بیری میسنجر ٹیسٹنگ کے مراحل میں، جلد ریلیز کردیا جائے گا

فروری میں ہونے والی موبائل ورلڈ کانگریس 2014 میں بلیک بیری کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ کم وقت میں جلد مقبولیت حاصل کرنے والا بلیک بیری میسنجر (BBM) چند ماہ میں مائیکروسافٹ کے موبائل آپریٹنگ سسٹم ونڈوز فون کے لیئے جاری کردیا جائے گا۔ بلیک بیری کی جانب سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ بی بی ایم ریلیز ہونے کے بعد نوکیا لومیا موبائل فونز کا باقاعدہ حصہ بن جائے گا۔ بی بی ایم پر تقریباً 85 ملین ماہانہ فعال صارفین ہیں جبکہ رجسٹر صارفین کی تعداد 113 ملین کے قریب ہے۔

BlackBerry-Messenger-image

ٹوئٹر پر موجود لیکس کے حوالے سے ایک مشہور اکاؤنٹ @BlackberryScoop کی جانب سے ٹویٹ کی گئی ہے کہ بلیک بیری میسنجر بیٹا ٹسٹرز کے حوالے کردیا گیا ہے۔ اس ٹویٹ کے بعد متوقع ہے کہ مئی یا جون تک بلیک بیری کی جانب سے بی بی ایم ونڈوز فون کے لیئے آفیشل طور پر ریلیز کردیا جائے گا۔

ابھی تک بلیک بیری کی جانب سے اس بات کی آفیشل تصدیق سامنے نہیں آئی ہے لیکن اس لیک کے بعد متوقع ہے کہ مئی میں بلیک بیری کی جانب سے آفیشل طور پر بی بی ایم کو ریلیز کردیا جائے گا۔ اس موقع پر یہ بھی خیال کیا جارہا ہے کہ بلیک بیری میسنجر مائیکروسافٹ کے جاری کردہ ونڈوز فون کے نئے ورژن “ ونڈوز فون 8.1 ” کے موبائل فونز پر ریلیز ہونے کے چنددن میں ریلیز کردیا جائے گا۔

بلیک بیری میسنجر اس وقت بلیک بیری اینڈرائیڈ اور آئی فون کے لیئے موجود ہے جبکہ نوکیا کے نئے اینڈرائیڈ موبائل نوکیا ایکس پر یہ پہلے سے پری لوڈ ہے۔