مائیکروسافٹ نے آج سے کم و بیش 13 سال قبل مشہور آپریٹنگ سسٹم ونڈوز ایکس پی کو متعارف کروایا، اور اتنا عرصہ گذرنے کے باوجود صارفین اور کمپنیوں کی ایک بڑی تعداد یہ آپریٹنگ سسٹم استعمال کررہی ہے۔
جیسا کہ آپ کو معلوم ہوگا کہ مائیکروسافٹ 8 اپریل 2014 کو ونڈوز ایکس پی کی سپورٹ ختم کررہی ہے۔ یعنی اب نہ تو اسکے لیے کسی قسم کا اپڈیٹ فراہم کیا جائے گا اور نہ ہی دیگر سافٹوئیر بنانے والی کمپنیاں ونڈوز ایکس پی کے لیے سافٹوئیر تیار کریں گی۔
اس کا یہ مطلب نہیں کہ ونڈوز ایکس پی 8 اپریل کو یکدم کام کرنا چھوڑ دے گی، آپ جب تک چاہیں اسے استعمال کرسکتے ہیں۔ تاہم اپڈیٹس اور نئے سافٹوئیر نہ ملنے کی وجہ سے جہاں آپ کے کام میں مشکلات پیش آئیں گی وہیں آپ ہیکرز کے اولین نشانے پر بھی ہونگے۔
ایک رپورٹ کے مطابق مائیکروسافٹ ونڈوز صارفین کی ایک بڑی تعداد ابھی بھی ایکس پی سسٹم ہی استعمال کررہی ہے، جس میں دنیا کی بڑی بڑی کمپنیاں، بینک اور دیگر حکومتی ادارے شامل ہیں۔ گذشتہ سال چین کی حکومت نے مائیکروسافٹ سے ونڈوز ایکس پی کی معیاد کو بڑھانے کی اپیل بھی اسی وجہ سے کی تھی کیونکہ انکے بیشتر اداروں میں ابھی بھی ونڈوز ایکس پی کا استعمال ہورہاہے۔
دوسری طرف مائیکروسافٹ کی جانب سے صارفین پر دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ وہ جلد از جلد نئے آپریٹنگ سسٹم جیسے ونڈوز7 یا 8 وغیرہ پر منتقل ہوجائیں۔ اسی حوالے سے ایک خبر یہ بھی سامنے آئی ہے کہ مائیکروسافٹ جلد ونڈوز 8.1 مفت فراہم کرنے کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔ اب جو صارفین ونڈوز ایکس پی استعمال کررہے ہیں انہیں ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے بتایا جارہے کہ 8 اپریل کو اس سسٹم کی سپورٹ ختم کردی جائے گی لہذا جلد از جلد اپگریڈ کرلیں۔
اسی مقصد کے تحت مائیکروسافٹ نے PCmover Express نامی ایک سافٹوئیر بھی متعارف کروایا ہے جو صارفین کا ڈیٹا ونڈوز ایکس پی سے نئی ونڈوز میں منتقل کردے گا۔
کیا آپ ابھی تک ونڈوز ایکس پی استعمال کررہے ہیں اور کیا آپ اپنا آپریٹنگ سسٹم اپگریڈ کریں گے یا پھر ونڈوز ایکس پی ہی استعمال کرتے رہیں گے؟ اگر آپ کو معلوم نہیں کہ آپ ونڈوز ایکس پی استعمال کررہے ہیں یا پھر کوئی اور نیا ورژن تو یہ لنک کھولیں جہاں آپ کے سسٹم کے بارے میں معلومات دی جائیں گی۔