ایچ ٹی سی نے نیا سمارٹ فون ایچ ٹی سی ون ایم 8 متعارف کروا دیا

آخر کار بہت سی افواہوں اور لیک شدہ تصاویر و ویڈیو کے بعد گذشتہ روز ایچ ٹی سی نے اپنا نیا سمارٹ فون، ایچ ٹی سی ون (ایم 8) متعارف کروا دیا۔ حیران کن طور پر اس فون کے بارے میں تمام افواہیں اور لیک شدہ تصاویر درست ثابت ہوئی ہیں۔

HTC-One-M8-press-shot
اگر اس فون کو گذشتہ برس پیش کیے جانے والے ایم 7 کا بڑا بھائی کہا جائے تو زیادہ بہتر ہوگا۔ اسکا ڈیزائن بہت حد تک پہلے جیسا ہی ہے تاہم اب کی بار اسکے ہارڈوئیر میں بہت سی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اسکے علاوہ اس فون میں پہلے کی نسبت کم پلاسٹک کا استعمال کیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق فون کی 90 فیصد باڈی ایلومینم سے تیار کی گئی ہے۔

نیا ایچ ٹی سی ون سمارٹ فون 5 انچ لمبی سکرین اور فل ایچ ڈی ریزولیوشن کا حامل ہے۔ پہلے کی طرح اس فون کے سپیکر بھی سامنے کی جانب نصب ہیں اور کمپنی دعوے کے مطابق اب انکی آواز 25 فیصد زیادہ ہے۔ فون پہلے کی نسبت زیادہ پتلا ہے اور ٹچ کیز اب سکرین کے اندر ہی ہیں۔

ایچ ٹی سی کے اس نئے سمارٹ فون میں سنیپ ڈریگن 801 چپ کا استعمال کیا گیا ہے، اسکی پراسیسر رفتار 2.3 گیگاہرٹز ہے اور اس میں 2 گیگا بائیٹ ریم کا استعمال کیا گیا ہے۔ یہ فون 16 گیگا بائیٹ اور 32 گیگا بائیٹ دو مختلف ورژنز میں دستیاب ہے اور آپ اب اس میں 128 گیگا بائیٹ تک میموری کارڈ بھی استعمال کر سکتے ہیں۔

گذشتہ سال ایچ ٹی سی نے الٹراپکزل کیمرہ کا خوب چرچا کیا لیکن اسکی پرفارمنس نے صارفین کو بہت حد تک مایوس کیا تھا۔ افسوس کے اس نئے فون میں بھی 4 میگا پکزل کیمرہ ہی نصب ہے۔ اب کی بار اصل کیمرہ کے اوپر ایک دوسرا کیمرہ بھی نصب ہے، کمپنی دعوی کے مطابق یہ دوسرا کیمرہ تصویر میں مزید نکھار پیدا کرئے گا۔ کیمرہ کے ساتھ دو مختلف رنگوں کی ایل ای ڈی لائٹس نصب ہیں جو تاریکی میں رنگوں کا صحیح تعین کرنے میں مدد دیں گی۔

htc-one-m8-picture
اس فون میں سامنے کی جانب وائیڈ اینگل 5 میگا پکزل کیمرہ نصب ہے، کیونکہ آج تک اپنی تصاویر (سیلفیز) اتارنے کا بہت رواج ہے اسلیے کم و بیش تمام کمپنیاں سامنے کی جانب اچھا کیمرہ نصب کر رہی ہیں۔

ایچ ٹی سی ون ایم 8 میں بیٹری کے حوالے سے ایک نئی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ بیٹری کا سائز 2600 ملی ایمپئر آور تو کافی کم ہے تاہم کمپنی دعوی کے مطابق یہ فون 30 گھنٹے میں صرف 10 فیصد بیٹری خرچ کرتا ہے۔

اس نئے فون میں اینڈرائیڈ کا تازہ ترین ورژن کٹ کیٹ 4.4 استعمال کیا گیا ہے اور اسکے ساتھ ایچ ٹی سی کے انٹرفیس Sense کا بھی نیا ورژن شامل ہے۔ سنس کے اس نئے ورژن میں موشن لانچ کے نام سے مختلف نئے فیچرز بھی متعارف کروائے گئے ہیں۔  یہ لانچر گوگل پلے سٹور میں بھی دستیاب ہے۔ تاہم یہ صرف نئے ایچ ٹی فونز پر ہی چل سکے گا۔ پہلے کی طرح ایچ ٹی سی نے اس فون کا “گوگل پلے” ایڈیشن بھی متعارف کروایا ہے جس میں اینڈرائیڈ کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ نہیں کی گئی۔

ایچ ٹی سی کا یہ نیا فون گرے، سلور اور گولڈ رنگوں میں دستیاب ہوگا۔ کمپنی اس فون کو دنیا بھر میں فروخت کے لیے پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ پاکستان میں اسکی دستیابی مئی کے مہینے میں متوقع ہے اور اسکی قیمت کم و بیش 70 ہزار روپے ہوگی۔

pr-2014-03-25
سال 2013 میں بہترین فون کا ایوارڈ پانے والا ایچ ٹی سی ون صارفین کی بڑی تعداد کو اپنی جانب راغب نہ کرسکا اور خاص کر پاکستان میں اس کو کچھ خاص مقبولیت نہ ملی۔ آپ کے خیال میں کیا نیا ایچ ٹی سی ون کچھ بہتر کارکردگی دکھا سکے گا یا نہیں؟