گوگل بھی سمارٹ واچز کے میدان میں، گھڑیوں کے لیے خاص اینڈرائیڈ ویئر آپریٹنگ سسٹم متعارف کروا دیا

اگر سال 2013 کو سمارٹ واچز کا سال کہا جائے تو کچھ غلط نہ ہوگا۔ گو کہ سمارچ واچ کی اختراع کوئی نئی نہیں اور ایک دہائی پہلے IBM لینکس آپریٹنگ سسٹم کی حامل سمارٹ واچ متعارف کروا چکی ہے۔ تاہم گذشتہ سال سونی، سام سنگ اور پیبل جیسی کمپینوں کی جانب سے یکے بعد دیگرے سمارٹ واچز کے نت نئے ماڈل متعارف کروائے گئے۔ ان کی روش پر چلتے ہوئے دنیا بھر میں چھوٹی بڑی الیکٹرانکس کمپنیاں اب دیگر ڈیوائسز کے ساتھ ساتھ سمارٹ واچز کی تیاری میں بھی مصروف ہیں۔

android-wear
ایسی صورتحال میں بھلا گوگل جیسی بڑی کمپنی کہاں پیچھے رہ سکتی تھی، جبکہ بہت سی سمارٹ واچز میں موجود آپریٹنگ سسٹم بھی اینڈرائیڈ ہی ہو۔ حال ہی میں گوگل نے اعلان کیا ہے کہ وہ بھی اب باقاعدہ طور پر سمارٹ واچز کے میدان میں آچکے ہیں۔

گوگل نے اپنے روایتی شراکت داروں، ایل جی، سام سنگ، ایچ ٹی سی، موٹرولا اور ایسوس کے ساتھ مل کر نئی سمارٹ واچز متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے گوگل نے اینڈرائیڈ کا ایک نیا انٹرفیس “Android Wear” متعارف کروایا ہے جو کہ خاص طور پر سمارٹ واچز کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

اینڈرائیڈ وئیر کا انٹرفیس ،گوگل گلاس سے کافی مشابہت رکھتا ہے اور اس میں گوگل سرچ کا نیا فیچر Ok Google بھی شامل کیا گیا ہے۔ گوگل کا یہ نیا انٹرفیس چوکور اور گول دونوں طرح کی سکرینوں کے تیار کیا گیا ہے اور اس میں نوٹیفیکیشنز دکھانے پر خاص محنت کی گئی ہے۔

چونکہ سمارٹ واچ آپ کے فون سے منسلک ہوتی ہے لہذا گوگل نے یہ کوشش کی ہے کہ وہ آپ کو گھڑی پر صرف ضروری معلومات ہی دکھائے اور باقی تمام کام فون پر ہی کیے جائیں۔ Ok Google فیچر کی بدولت یہ گھڑی آپکے پرسنل اسسٹنٹ کا کام دے گی اور آپ آواز کے ذریعے ہی بہت سے کام سرانجام دے دیں گے۔

wear

گوگل نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کیا گھڑی کی مدد سے آپ کالز بھی کر سکتے ہیں، تاہم ایس ایم ایس کا جواب، ای میل، ویب سرچ، گوگل میپس، الارم اور میٹنگ الرٹس اور اسطرح کے بہت سے چھوٹے بڑے کام اب آپ گھڑی کو حکم دے کر ہی انجام دے سکتے ہیں۔

اینڈرائیڈ ویر سے مزین پہلی گھڑی گوگل کے ذیلی ادارے موٹرولا کی تیار کردہ ہوگی جسے موٹو 360 کا نام دیا گیا ہے۔ موٹرولا کی یہ نئی گھڑی دیگر سمارٹ واچز سے کافی مختلف ہے، کیونکہ اسکا ڈیزائن تو روایتی گھڑی جیسا ہی ہے تاہم اسکے فیچرز کا کوئی مقابلہ نہیں۔

moto

اسکے علاوہ مشہور الیکٹرانکس کمپنی ایل جی بھی اینڈرائیڈ ویئر سے مزین گھڑی G Watch پر کام کر رہی ہے۔ اسکا ڈیزائن چوکور اور دیگر سمارٹ واچز سے ملتا جلتا ہے۔

گوگل نے اس نئے آپریٹنگ سسٹم کا پری ویو ڈیویلپرز کے لیے جاری کر دیا ہے جو اس لنک پر دیکھا جاسکتا ہے۔ تاکہ وہ اپنی ایپلیکیشنز کو اس نئے آپریٹنگ سسٹم انٹرفیس کے مطابق ڈھال سکیں۔

گوگل کی ان نئی سمارٹ واچز کی دستیابی اور قیمتوں کے بارے میں ابھی کسی قسم کی معلومات نہیں فراہم کی گئیں۔ خیال یہ کیا جارہا ہے کہ اس سال منعقد ہونے والی Google I/O کانفرنس میں توجہ کا مرکز یہی گھڑیاں ہونگی۔ اینڈرائیڈ ویئر کے بارے میں مزید جاننے کے لیے یہ ویڈیو ملاحظہ کیجئے: