فوجٹسو نے لیپ ٹاپ میں انگلیوں کی بجائے ہتھیلی سکین کرنے کا فیچر متعارف کروا دیا

فنگر پرنٹ سکین ٹیکنالوجی کے بارے میں تو آپ سبھی جانتے ہونگے۔ سیکیورٹی مقاصد کے لیے دنیا بھر میں انگلیوں کے نشانات کو سکین کیا جاتا ہے اور اب تو یہ ٹیکنالوجی لیپ ٹاپ اور موبائل فونز میں بھی دستیاب ہے۔

Jitsu
لیکن جاپانی کمپنی فوجٹسو نے اس سے بھی آگے کی سوچی ہے۔ فوجٹسو گذشتہ چند سالوں سے ایک ایسی نئی ٹیکنالوجی پر کام کررہی ہے جو انگلیوں کی بجائے صارف کی ہتھیلی کو سکین کرتی ہے۔ ہرانسان کے ہاتھ میں وریدوں کا جال مختلف ہوتا ہے اور انفراریڈ کا استعمال کرتے ہوئے یہ نئی ٹیکنالوجی ہتھیلی میں جلد کے نیچے وریدوں کی تصویر لیتی ہے اور اسکا موازنہ سسٹم میں محفوظ شدہ تصویر سے کرتی ہے۔

jits
فوجٹسو نے یہ چھوٹا سا سنسر ابھی ابتدائی طور پر لیپ ٹاپس میں نصب کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق روایتی طریقہ کے برعکس آپ کو سکینر کو چھونے کی ضرورت نہیں اور ہتھیلی سکین کا طریقہ کار زیادہ محفوظ اور صاف ستھرا ہے۔ جلد ہی یہ ٹیکنالوجی موبائل فونز کے لیے بھی دستیاب ہوگی۔

سیکیورٹی نظام کو بہتر بنانے کے لیے سکینر وریدوں میں خون کی روانی کا جائزہ بھی لیتا ہے۔ لہذا گھبرانے کی ضرورت نہیں اگر کوئی آپکا ہاتھ کاٹ کر بھی آپکا لیپ ٹاپ استعمال کرنے کی کوشش کرے گا تو اسے ناکامی ہی ہوگی۔