گاڑی بنی آئی فون، ایپل کا نیا کار پلے سسٹم

ایپل کی جانب سے آج جنیوا موٹر شو کے موقع پر گاڑیوں کے لیے ’کار پلے‘ نامی نئی ٹیکنالوجی متعارف کروائی گئی ہے۔

apple
اس نئی ٹیکنالوجی کی مدد سے صارفین اپنے آئی فون کو گاڑی میں نصب سسٹم سے منسلک کرکے نہ صرف میوزک، ویڈیوز اور دیگر ایپلی کیشنز چلا سکتے ہیں بلکہ ایپل کی پرسنل اسسٹنٹ سری آپ کو نیویگیشن کی سہولت بھی فراہم کرے گی۔

car-play
فی الوقت ایپل نے اس سسٹم کے لیے فراری، مرسیڈیز اور والو  سے معاہدہ کیا ہے جبکہ بی ایم ڈبلیو، فورڈ اور دیگر بڑی کمپنیاں بھی جلد یہ سسٹم اپنی گاڑیوں میں نصب کر دیں گی۔

اس سسٹم کے کام کرنے کے لیے صارفین کے پاس نیا آئی فون 5 ، 5 سی یا پھر 5 ایس  اور آئی او ایس 7 ہونا چاہیے جو کہ ایک تار کے ذریعے گاڑی میں لگی سکرین سے منسلک کیا جائے گا۔

call
اس کے بعد یہ سکرین ہی آپ کا موبائل بن جائے گی، اور تو اور پرسنل اسسٹنٹ سری آپ کو کال ملانے اور سننے کے ساتھ ساتھ پیغامات پڑھنے اور بھیجنے کا کام بھی انجام دے گی۔ ایپل کے مداحوں کے لیے iCar نہ سہی چلیں ایپل کا کارپلے سسٹم تو آیا۔