مشہور موبائل میسجنگ ایپلیکیشن وٹس ایپ جلد صارفین کو مفت آڈیو کالنگ کی سروس فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ کال کا فیچر شامل ہوجانے کے بعد وٹس ایپ بھی وائبر اور سکائپ کے مدمقابل آجائے گی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ وٹس ایپ کو حال ہی میں فیس بک نے 19 ارب ڈالر میں خریدنے کا اعلان کیا ہے۔ وٹس ایپ کے بانی اور چیف ایگزیکٹیو جین کوم کے مطابق آڈیو کالنگ کی سہولت اس سال دوسری سہ ماہی تک اینڈرائیڈ اور آئی فون صارفین کو فراہم کر دی جائے گی اور سال کے اختتام پر یہ سروس بلیک بیری اور ونڈوز فون صارفین کے لیے بھی دستیاب ہوگی۔
جین کوم نے ایک بار پھر اس بات کی وضاحت کی کہ فیس بک کی جانب سے کمپنی کو خریدے جانے کے بعد بھی وہ اسی طرح کام کرتے رہیں گے اور وٹس ایپ کو کسی صورت فیس بک میں ضم نہیں کیا جائے گا۔
آپ کے خیال میں کیا وٹس ایپ دیگر کمپنیوں جیسے وائبر یا سکائیپ سے بہتر سروس فراہم کرسکے گی یا پھر انہیں صرف میسجنگ تک ہی محدود رہنا چاہیے تھا؟