تھری جی کے ساتھ فور جی لائسنس کی نیلامی اپریل تک مکمل کر لی جائے گی

پی ٹی اے چیئرمین ڈاکٹر اسماعیل شاہ کے بعد گذشتہ روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا کہ تھری جی اور اسکے ساتھ  ساتھ فور جی لائسنسوں کی نیلامی اپریل تک مکمل کر لی جائے گی۔

3g
انہوں نے بتایا کہ اس نیلامی میں تین تھری جی اور دو فور جی لائسنس فروخت کیے جائیں گے۔ تھری جی لائسنس کی قیمت 295 ملین امریکی ڈالر اور فور جی لائسنس کی قیمت 210 ملین امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ وہ خریداروں سے یہ قیمت یکمشت حاصل کرے یا پھر 50 فیصد پہلے اور باقی 5 اقساط میں۔

اس حوالے سے انفارمیشن میمورنڈم کی تیاری جاری ہے، جس میں تمام تر تفصیلات اور نیلامی سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں گی۔ ان لائسنسوں کی معیاد 15 سال ہوگی اور مقامی کمپنیوں کے علاوہ، سعودی عرب، قطر اور ترکی کی کمپنیاں بھی نیلامی میں شرکت کی خواہاں ہیں۔

3g 4g app
تھری جی کنسلٹنٹس کی جانب سے تیار کیے گئے ڈرافٹ کے مطابق 1800MHz سپیکٹرم سے فور جی لائسنس کے متمنی کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ 2100MHz سپیکٹرم سے بھی ایک لائسنس خریدے۔ یعنی جو کمپنی فور جی لائسنس خریدے گی اسے ساتھ ایک تھری جی لائسنس بھی خریدنا ہوگا۔

ٹیلی کام ماہرین کی جانب سے تھری جی کے ساتھ فور جی لائسنس کی نیلامی کے حکومتی فیصلہ کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔ تھری جی سروس تو اس وقت کم و بیش ڈیڑھ سو سے زائد ممالک میں موجود ہے تاہم فور جی سروس فراہم کرنے والے ممالک گنے چنے ہی ہیں۔