انٹرنیٹ پر سام سنگ کے جلد متعارف کروائے جانے والے سمارٹ فون گلیکسی ایس 5 کے بارے میں بہت سی افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ سام سنگ کا نیا سمارٹ فون اس سال بارسلونا میں منعقد ہونے والی موبائل ورلڈ کانگرس کے موقع پر متعارف کروایا جائے گا۔ تاہم سام سنگ کے نمائندہ نےان تمام امیدوں پر پانی پھیرتے ہوئے اعلان کیا کہ کمپنی اس سال 24 تا 27 فروری منعقد کی جانے والی موبائل ورلڈ کانگرس میں نیا فون متعارف نہیں کروائے گی۔
لیکن گذشتہ روز شہرت یافتہ روسی بلاگر الڈر مارٹزن نے ٹوئٹر پر پیغام دیا ہے کہ سام سنگ، گلیکسی ایس 5 کو 23 فروری کو بارسلونا میں ایک الگ تقریب میں متعارف کروانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ فون اپریل کے اختتام پر دنیا بھر میں فروخت کے لیے بھی پیش کر دیا جائے گا۔
Samsung Galaxy S5 launch – 18.00. Barcelona. 23 February. Price the same. Launch – end of April. Specs – u know them 🙂 new touchwiz 😉
— Eldar Murtazin (@eldarmurtazin) January 21, 2014
الڈر کی وجہ شہرت یہ بھی ہے کہ انہوں نے گذشتہ سال گلیکسی ایس 4 کے بارے میں بھی ایسی ہی پیشن گوئی تھی اور ٹھیک اسی تاریخ کو سام سنگ نے دنیا کا مشہور ترین سمارٹ فون گلیکسی ایس 4 متعارف کروایا۔
انٹرنیٹ پر پھیلی مختلف افواہوں کے مطابق نیا گلیکسی ایس فون 5.2 انچ لمبی سکرین کا حامل ہوگا جسکی ریزولیوشن 1440×2560 پکزل ہے۔ ہمیشہ کی طرح امریکہ اور عالمی مارکیٹ کے لیے دو مختلف پراسیسرز کے حامل ورژن پیش کیے جائیں گے جن میں سے ایک کوالکام سنیپ ڈریگن 805 چپ سیٹ اور دوسرا سام سنگ زائینوس سے مزین ہوگا۔
مزید تفصیلات کے مطابق اس نئے فون میں 3 گیگا بائیٹ ریم، 32 گیگا بائیٹ میموری اور بڑی 3000mAh بیٹری نصب ہوگی۔ فون میں 16 میگا پکزل کیمرہ اور ایپل آئی فون کی طرح فنگر پرنٹ سنسر بھی شامل کیا جائے گا۔ اس فون میں اینڈرائیڈ کا جدید ترین ورژن کٹ کیٹ انسٹال ہوگا جس پر سام سنگ ٹچ وز کا نیا انٹرفیس استعمال کیا جائےگا۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا الڈر کی پیش گوئی درست ثابت ہوتی ہے یا پھر سام سنگ کے مداحود کو ابھی کچھ مزید انتظار کرنا ہوگا۔