گرافک یوزر انٹرفیس سے مزین ایپل میکنٹوش کمپیوٹر 30 برس کا ہوگیا

30 سال آج ہی کے دن ایپل کی جانب سے پہلا میکنٹوش (میک) کمپیوٹر 128K متعارف کروایا گیا۔ روایتی کمپیوٹرز کے مقابلے میں ایپل میک کی سب سے بڑی خوبی گرافک یوزر انٹرفیس تھی۔ اس سے قبل کمپیوٹرز میں صرف کمانڈز ٹائپ کر کے ہی کام کیا جاتا تھا لیکن میک نے کمپیوٹرز کی دنیا ہی بدل دی۔
apple
گرافک یوزر انٹرفیس کی بدولت اب صارفین ماؤس کا استعمال کرتے ہوئے آئی کونز  پر کلک کرکے پروگرام چلا سکتے تھے، نت نئے فانٹس اور ڈیزائنگ سافٹوئیر نے کمپیوٹر کا استعمال بہت دلچسپ بنا دیا۔

apple mac 128k

گو کہ ایپل سے پہلے دیگر چند کمپینوں نے بھی ایسے کمپیوٹر بنائے جن میں ماؤس اور گرافک یوزر انٹرفیس شامل تھا تاہم صرف میک ہی صارفین کی بڑی تعداد کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

ایپل نے صارفین کی قوت خرید کو پیش نظر رکھتے ہوئے میک کی قیمت دوسرے کمپیوٹرز کے مقابلے میں کافی کم مقرر کی۔ جہاں ایک کمپیوٹر 10 ہزار امریکی ڈالر میں فروخت کیا جاتا تھا ایپل نے میک کو صرف 2500 امریکی ڈالر میں فروخت کے لیے پیش کیا۔

macintosh-128k-unboxing
ایپل میک کے بارے میں چند تجزیہ کاروں کی منفی رائے بھی سامنے آئی جنہوں نے گرافک یوزر انٹرفیس اور ماؤس کے استعمال کو مسترد کر دیا۔ تاہم آج چھوٹے بڑے کم و بیش تمام گیجٹس میں گرافک یوزر انٹرفیس ہی استعمال ہوتا ہے۔ اسی کی بدولت اب کمپیوٹر یا موبائل استعمال کرنے کے لیے آپ کو کسی قسم کی لینگوئج سیکھنا ضروری نہیں۔ یقیناً اگر ایپل میک کمپیوٹر ایجاد نہ کیا جاتا تو آج استعمال ہونے والے گیجٹس اتنے پرلطف ہرگز نہ ہوتے۔