آجکل بڑے سائز کے سمارٹ فونز یا عرف عام میں فیبلیٹس کا رواج عام ہوتا جارہاہے۔ اینڈرائیڈ سمارٹ فونز بنانے والی نمبر 1 کمپنی سام سنگ بھی مقابلے کی اس دوڑ میں آگے آگے ہے۔ گذشتہ سال متعارف کروائے جانے مہشور ڈول سم گلیکسی گرینڈ کے بعد آج کمپنی نے گلیکسی گرینڈ 2 متعارف کروادیا ہے۔
پرانے ماڈل کی نسبت اب اسکی سکرین کی لمبائی کو 5 انچ سے بڑھا کر 5.5 انچ کر دیا گیا ہے۔ نیا فون 720p ریزولیوشن کا حامل ہے, تاہم اس میں ٹی ایف ٹی سکرین کا ہی استعمال کیا گیا ہے، گلیکسی گرینڈ کی نسبت یہ نیا فون گلیکسی نوٹ 3 سے زیادہ مشابہت رکھتا ہے اور اسکا بیک کور بھی چمڑے جیسے دکھنے والے پلاسٹک سے ہی بنایا گیا ہے۔ تاہم نوٹ کی طرح اس میں سٹائلس آپشن موجود نہیں۔
گلیکسی گرینڈ 2 میں 1.2GHz کواڈ کور پراسیسر نصب کیا گیا ہے اور اسکی ریم کا سائز 1.5 گیگا بائیٹ ہے، جو سام سنگ کے مہنگے فونز جیسے گلیکسی ایس 4 اور نوٹ 3 سے تو کم ہے تاہم ایک عام اینڈرائیڈ صارف کے لیے اتنی ریم کافی ہوتی ہے۔ فون کی میموری 8 گیگا بائیٹ ہے اور اس میں 64GB تک کا مائیکروایس ڈی کارڈ استعمال کیا جاسکتا ہے۔
اس فون میں بھی دو سمیں بیک وقت چلانے کی اہلیت موجود ہے۔ فون کا کیمرہ 8 میگا پکزل جبکہ ویڈیو کالنگ کے لیے 1.9 میگا پکزل کیمرہ موجود ہے۔ دونوں کیمرے ہائی ڈیفینیشن ویڈیوز بنانے کی اہلیت رکھتےہیں۔
سام سنگ کا یہ نیا فون اینڈرائیڈ جیلی بین 4.3 سے مزین ہے اور اس میں سام سنگ ٹچ وز یوزر انٹرفیس کا نیا ورژن استعمال کیا گیا ہے جو مختلف سنسرز کا استعمال کرتے ہوئے فون کے استعمال کو نہایت آسان اور دلچسپ بنا دیتا ہے۔
سام سنگ کی جانب سے فی الوقت فون کی دستیابی اور قیمت کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئیں تاہم میرا اندازہ ہے کہ یہ فون اگلے سال کے آغاز تک پاکستان میں دستیاب ہوگا اوراسکی قیمت کم و بیش 48 ہزار روپے ہوگی۔
اس فون کے بارے میں آپکی رائے کیا ہے، تبصرہ ضرور کیجئے گا۔