اینڈرائیڈ 4.4 کٹ کیٹ سے مزین گوگل کا نیا نیکسس فون بالآخر لانچ کر ہی دیا گیا

انٹرنیٹ پر بے شمار افواہوں، تبصروں اور تصاویر شائع ہونے کے بعد بالآخر گوگل نے نیکسس سیریز کا نیا سمارٹ فون لانچ کر ہی دیا۔ نیکسس 5 کو ایک بار پھر ایل جی نے تیار کیا ہے اور ہمیشہ کی طرح اس بار بھی اس کے ساتھ اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کا نیا ورژن (کٹ کیٹ) متعارف کروایا گیا ہے۔

Lg nexus 5 press image

نیکسس سیریز کے نئے سمارٹ فون کی نمایاں خصوصیات کچھ یوں ہیں:

  • 4.95 انچ لمبی سکرین اور فل ایچ ڈی ریزولیوشن
  • گوریلا گلاس 3 سکرین پروٹیکشن
  • 2.3 گیگا ہرٹز کواڈ کور پراسیسر
  • 2 گیگا بائیٹ ریم اور 16/32 گیگا بائیٹ سٹوریج
  • امیج سٹیبلائزیشن کا حامل 8 میگا پکزل کیمرہ، ایل ای ڈی فلیش 1/3.2″ سنسر اور f/2.4 اپرچر
  • ویڈیو کالنگ کے لیے 1.3 میگا پکزل کیمرہ
  • وائی فائی a/b/g/n/ac، بلیوٹوتھ 4.0 ، ایل ٹی ای اور این ایف سی
  • 2300 ملی ایمپئر آور بیٹری اور وائرلیس چارجنگ کی سہولت
  • اینڈرائیڈ 4.4 کٹ کیٹ آپریٹنگ سسٹم

lg-nexus-cover-case
نیکسس 5 کو گوگل پلے سٹور پر امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، سپین، اٹلی، آسٹریلیا، جاپان اور کوریا میں فروخت کیا جارہاہے۔ جبکہ پڑوسی ملک بھارت میں اسکی فروخت کاآغاز چند ہفتوں بعد کیا جائے گا۔ ہمیشہ کی طرح یہ فون اس بار بھی صرف گرے چینل کی ذریعے ہی پاکستان میں دستیاب ہوگا۔ جہاں دکاندار اپنی مرضی کی قیمت وصول کریں گے۔ ایک ویب سائیٹ یہ نیا فون 70 ہزار روپے میں فروخت کررہی ہے۔

امریکہ اور دیگر ممالک میں اس فون کے 16 گیگابائیٹ ماڈل کی قیمت 349 ڈالر اور 32 گیگا بائیٹ ماڈل کی قیمت 399 ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو پچھلے نیکسس فونز سے تو زیادہ ہے۔ تاہم اس فون کے فیچرز کو دیکھتے ہوئے یہ قیمت بہت مناسب معلوم ہوتی ہے۔

گوگل نے اس فون کے لیے رنگ برنگی ایسیسریز جیسے بمپر کیس اور کوئیک کورز بھی متعارف کروائے ہیں جو پلے سٹور سے ہی خریدے جاسکتے ہیں۔