مائیکروسافٹ کے مشہور زمانہ آپریٹنگ سسٹم ونڈوز کا نیا ورژن اب کمپنی ویب سائیٹ پر پری آرڈر کے لیے دستیاب ہے۔
ونڈوز 8.1 کو اس ماہ 18 تاریخ کو لانچ کیا جارہا ہے، اسکی قیمت کم و بیش 120 امریکی ڈالر مقرر کی گئ ہے جبکہ پروفیشنل ورژن کی قیمت 200 ڈالر ہے۔
مائیکروسافٹ کی جانب سے اگست کے اختتام پر اعلان کیا گیا تھا کہ ونڈوز 8.1 تیاری کے آخری مراحل تک پہنچ چکی ہے اور اب اسکا کوڈ مائیکروسافٹ کے ہارڈوئیر شراکت داروں کو بھیجا جارہا ہے تاکہ وہ نئی کمپیوٹر، لیپ ٹاپس اور ٹیبلٹس پر اسے انسٹال کر سکیں۔
ونڈوز کے اس نئے ورژن کا انٹرفیس موجودہ ونڈوز 8 سے کچھ زیادہ مختلف نہیں تاہم اس میں بہت سے نئے فیچرزاور ایپلی کیشنز کو شامل کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ ورژن کی خامیوں کو بھی دور کیا گیا ہے۔ ونڈوز 8.1 میں روایتی سٹارٹ بٹن کو واپس شامل کیا گیا ہے، اسکے علاوہ اس میں انٹرنیٹ ایکسپلورر 11، بنگ سرچ اور سکائی ڈرائیو کلاؤڈ کنکٹویٹی کے نئے فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔
اگر آپ اس وقت ونڈوز 8 استعمال کر رہے ہیں تو آپ کو یہ نیا ورژن خریدنے کی ضرورت نہیں، 17 اکتوبر کو موجودہ ونڈوز 8 صارفین کو یہ اپڈیٹ مفت فراہم کر دیا جائے گا۔ تاہم ونڈوز 7، ایکس پی یا دیگر پرانے ورژن استعمال کرنے والے صارفین کو اسے خریدنا ہوگا۔
ونڈوز کا یہ نیا ورژن پری آرڈر کرنے کے لیے یہ لنک ملاحظہ کیجئے۔