سام سنگ نے دنیا کا پہلا خم دار سکرین والا سمارٹ فون گلیکسی راؤنڈ متعارف کروادیا ہے۔ 5.7 انچ ہائی ڈیفینیشن AMOLED سکرین کا حامل یہ فون گلیکسی نوٹ 3 سے کافی مشابہت رکھتا ہے۔
اس فون میں 2.3GHz سنیپ ڈریگن 800 پراسیسر، 3GB ریم اور 13 میگا پکزل کیمرہ نصب ہے۔ فون کا یہ خم دار ڈیزائن آپ کو اسے پکڑنے میں بہت آسانی فراہم کرتا ہے، اسکے علاوہ سام سنگ کی جانب سے اس فون کی سکرین کے لیے خصوصی ایپلی کیشنز اور فیچر بھی تیار کی گئی ہیں۔ تاہم فون کی خم دار سکرین تصاویر اور ویڈیوز دیکھنے کے لیے شاید اتنی موزوں نہ ہو۔
سام سنگ کے اس نئے فون میں ایک لچکدار سکرین کا استعمال کیا گیا ہے جس کی بدولت اب موبائل فون کی سکرینز کو کسی بھی شکل میں ڈھالا جاسکتا ہے اور وہ دن دور نہیں جب آپ اپنے موبائل فون کو تہہ کر کے جیب میں بھی ڈال سکیں گے۔
سام سنگ کے روایتی حریف ایل جی کی جانب سے بھی ایک ایسے ہی فون پر کام کیا جارہا ہے تاہم اطلاعات کے مطابق اسکی سکرین درمیان سے خم دار ہونے کی بجائے اور اوپر نیچے سے خم دار ہوگی۔
گلیکسی راؤنڈ سمارٹ فون فی الوقت صرف کوریا کے صارفین کے لیے دستیاب ہے، امید ہے کہ یہ فون اگلے سال کے آغاز تک پاکستان میں بھی دستیاب ہوگا اور اسکی قیمت کم و بیش 85 ہزار کے لگ بھگ مقرر کی جائے گی۔