ایپل کی جانب سے گذشتہ روز سان فرانسسکو میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں دیگر ایپل مصنوعات کے ساتھ ساتھ مشہور زمانہ آئی پیڈ کے دو نئے ورژن، آئی پیڈ ائیر اور آئی پیڈ منی 2 متعارف کروائے گئے۔
آئی پیڈ ائیر:
آئی پیڈ کے اس نئے ورژن کی خاص بات یہ ہے کہ یہ پہلے کی نسبت بہت ہلکا اور پتلا ہے۔ 9.7 انچ لمبی ریٹینا سکرین کے حامل اس آئی پیڈ کا وزن صرف ایک پاؤنڈ ہے اور آئی پیڈ ریٹینا سے 20 فیصد پتلا ہے۔
اس ٹیبلیٹ میں ایپل کا نیا 64 بٹ A7 پراسیسر استعمال کیا گیا ہے، اس میں پشت کی جانب 5 میگا پکزل جبکہ ویڈیو کالنگ کے لیے 2 میگا پکزل کیمرہ نصب ہے۔ آئی پیڈ ائیر آئی او ایس 7 سے مزین ہے اور یہ 16, 32, 64 اور 128 گیگا بائیٹ ماڈلز میں دستیاب ہے۔
آئی پیڈ ائیر اس سال نومبر میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا، اسکے 16 گیگا بائیٹ ماڈل کی قیمت 500 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
آئی پیڈ منی 2 (ریٹینا ڈسپلے):
ایپل نے گذشتہ سال گوگل کی نیکسس 7 اور دیگر اینڈرائیڈ ٹیبلیٹس کے مقابلے پر آئی پیڈ کا ایک چھوٹا ورژن متعارف کروایا تھا۔ 7.9 انچ کی سکرین کا حامل یہ ورژن صارفین میں بے حد مقبول ہوا۔ اسی مقبولیت کے پیش نظر اب ایپل نے اس میں نئے فیچرز کا اضافہ کیا ہے۔
آئی پیڈ منی کا نیا ورژن اب ریٹینا سکرین یعنی 1536×2048 ریزولیوشن کا حامل ہے اور آئی پیڈ ائیر ہی طرح اس میں بھی نیا A7 موشن کوپراسیسر استعمال کیا گیا ہے۔
آئی پیڈ منی 2 کی قیمت 400 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے اور یہ بھی اس سال نومبر کے آغاز پر فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
ایپل کی جانب سے اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ ان دونوں ٹیبلیٹس میں ریم کتنی ہے، موجود اینڈرائیڈ ٹیبلیٹس میں کم از کم 2 گیگا بائیٹ ریم استعمال کی جارہی ہے۔ اس لیے اندازہ یہی ہے کہ ان نئے آئی پیڈز میں بھی اتنی ہی ریم ہوگی، تاہم M7 چپ 4 گیگا بائیٹ تک ریم کو سپورٹ کرتی ہے۔