آپ میں کچھ دوستوں نے کیو آر کوڈ Quick Response Code کی اصطلاح ضرور سنی ہوگی۔ کیو آر کوڈ دراصل روایتی بار کوڈ کی ایک قسم ہے جسکی ابتداء جاپان سے ہوئی۔ کیو آر کوڈ بار کوڈ کے مقابلے میں سیدھی لائینوں کی بجائے کالے چوکور خانوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ مختلف سائز کے یہ چوکور خانے مل کر ایک بڑا چوکور خانہ بناتے ہیں جسکا بیگ گراؤنڈ سفید ہوتا ہے۔
ان چوکور خانوں میں دراصل مختلف قسم کی معلومات سٹور ہوتی ہیں جنہیں عام طور پر سمارٹ فون کیمرہ کی مدد سے سکین کیا جاتا ہے اور سافٹوئیر اسے پڑھ کر آپ کو وہ معلومات سکرین پر انگریزی یا کسی دوسری زبان میں دکھاتا ہے۔
1994 میں ٹویوٹا کی ایک ذیلی کمپنی نے گاڑیوں کی تیاری کے دوران پرزہ جات وغیرہ کے بارے میں بہتر معلومات رکھنے کے لیے یہ نظام متعارف کروایا۔ آج کیو آر کوڈز کا استعمال شاپنگ، انٹرنیٹ اور مختلف اقسام کی مصنوعات کی ٹریکنگ کے لیے کیا جاتا ہے۔ اسکے علاوہ کیو آر کوڈز کو پیسے کی منتقلی اور ویب سائیٹس پر لاگ ان کرنے کے لیے بھی استمعال کیا جاتا ہے۔
کمپنیاں اور پروفیشنلز اپنے وزٹنگ کارڈز پر کیوآرکوڈز بھی چھپواتے ہیں جنہیں سکین کر کے آپ یوآرایل لکھے بغیر ہی انکی ویب سائیٹ اور دیگر معلومات ملاحظہ کر لیتے ہیں۔ مارکیٹنگ کمپنیاں مصنوعات کی تشہیر یا خصوصی ڈسکاؤنٹ فراہم کرنے کے لیے بھی کیوآرکوڈ کو پبلک مقامات اور اخبارات میں شائع کرتے ہیں، جس سے صارفین کی دلچسپی میں اضافہ ہوتاہے۔ 2011 میں نیدرلینڈ کے رائل ڈچ منٹ نے کیو آر کوڈ کے حامل سکے بھی جاری کیے۔ کچھ ممالک میں اب قبر کے کتبوں پر مرنے والی کی معلومات کیو آر کوڈ کی شکل میں چسپاں کی جاتی ہیں۔
کیو آر کوڈ بنانا بہت ہی آسان ہے اور روایتی بار کوڈ کے مقابلے میں اس میں ڈھیروں معلومات سٹور کی جاسکتیں ہیں۔ مثلاً آپ اس میں اپنا نام، پتہ اور ٹیلی فون نمبر، فیس بک پتہ، ویب سائیٹ یا پھر کوئی بھی پیغام سٹور کرسکتے ہیں۔ جب آپ کے دوست اسے سکین کریں گے تو انہیں یہ معلومات مل جائیں گی۔ اسکے علاوہ آپ کیوآر کوڈ میں کچھ کمانڈز بھی محفوظ کرسکتے ہیں جیسے کسی خاص نمبر پر کوئی میسج بھیجنا ہوتو اسکا کیوآر کوڈ بنا لیجئے، جو کوئی بھی اسے سکین کرے گا اسکے نمبر سے میسج بھیج دیا جائے گا۔
مفت کیو آر کوڈ بنانے کے لیے یہ ویب سائیٹس ملاحظہ کیجئے:
کیو آر کوڈ پڑھنے کا طریقہ:
روایتی بار کوڈ کے مقابلے میں کیوآر کوڈ کو پڑھنے کے لیے کیمرہ کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اس مقصد کے لیے سمارٹ فونز کا استعمال عام ہے جس میں لگا پراسیسر کیمرہ سے لی گئی تصویر کا تجزیہ کرتا ہے اور طے شدہ سٹینڈرز کی مدد سے کیوآرکوڈ سے معلومات حاصل کرتا ہے۔
کیوآرکوڈ پڑھنے کے لیے اینڈرائیڈ، آئی او ایس، ونڈوز فون، بلیک بیری اور دیگر آپریٹنگ سسٹمز کے لیے بہت سی ایپلی کیشنز دستیاب ہیں جن میں سے چند ایک کے لنکس یہ ہیں:
کیو آر کوڈ کا استعمال مفت ہے اور اسکے لیے کسی قسم کے لائسنس کی ضرورت نہیں یہی وجہ ہے کہ پوری دنیا میں کیو آر کوڈ کے ساتھ نت نئے تجربے کیے جارہے ہیں۔ تاہم غیر ضروری طور پر کسی بھی کیو آر کوڈ کو سکین کرنے سے گریز کیجئے، کیونکہ ہیکرز کیو آر کوڈ کے ذریعے آپکے کمپیوٹر یا موبائل فون میں موجود خفیہ معلومات تک مکمل رسائی حاصل کر سکتے ہیں اور آپکے فون میں موجود کیمرہ کو خفیہ نگرانی کے استعمال یا پھر آپکے بیلنس کے ضیائع کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔