فیس بک کی جانب سے صارفین کو سٹیٹس پیغامات میں تبدیلی کی سہولت فراہم کر دی گئی

فیس بک کی جانب سے آج ویب سائیٹ اور اینڈرائیڈ ایپلی کیشن صارفین کے لیے ایک نیا فنکشن متعارف کروایا گیا ہے جسکے ذریعے اب آپ اپنے سٹیٹس پیغامات پوسٹ کرنے کے بعد ان میں تبدیلی کر سکتے ہیں۔ فیس بک کی جانب سے یہ فیچر متعارف کروانے میں نہ جانے کیوں اتنی دیر کی گئی، چلیں دیر آئے درست آئے۔

facebook

آخر اس فیچر کی ضرورت کیا تھی؟ تو جناب اکثر ایسا ہوتا ہے کہ سٹیٹس پیغام لکھتے ہوئے املاء کی کوئی غلطی ہوجاتی ہے یا پھر آپ کو پیغام پوسٹ کرنے کے بعد یاد آتا ہے کہ اس میں تو مزید کچھ مواد شامل کرنا تھا۔ اس فیچر سے قبل آپ کو اپنی غلطی سدھارنے کے لیے یہ تو پرانا پیغام خذف کرکے اسے دوبارہ پوسٹ کرنا ہوتا تھا یا پھر پہلے کمنٹ میں اپنی غلطی کی نشاندہی کرنا پڑتی تھی۔ لیکن اب فکر کی کوئی بات آپ کسی بھی وقت اپنا سٹیٹس پیغام تبدیل کر سکتے ہیں۔

بس اپنے سٹیٹس کے دائیں جانب تیر کے نشان پر کلک کیجئے اور کھلنے والے مینیو میں سے Edit کی آپشن کا انتخاب کریں۔
edit-button
تاہم فیس بک انتظامیہ نے اس بات کا خاص اہتمام کیا ہے کہ اس فیچر کا غلط استعمال نہ کیا جاسکے اس لیے جب بھی آپ اپنا سٹیٹس پیغام تبدیل کریں گے اسکے ساتھ Edited لکھا ہوا نظر آئے گا۔

اس سے قبل فیس بک کی جانب سے کمنٹس اور تصاویر کو ایڈیٹ کرنے کی سہولت فراہم کی گئی تھی تاہم سٹیٹس پیغامات میں تبدیلی کا اختیار دے کر صارفین کی ایک بڑی پریشانی کو ختم کر دیا گیا ہے۔

فی الوقت یہ نیا فیچر ویب سائیٹ اور اینڈرائیڈ ایپلی کیشن پر ہی دستیاب ہے، ایپل آئی او ایس صارفین کو ابھی کچھ عرصہ انتظار کرنا ہوگا۔