گذشتہ روز سام سنگ کی جانب سے کمپنی کے آفیشل بلاگ پر اعلان کیا گیا کہ ایک ماہ سے بھی کم عرصہ میں کمپنی نے حال ہی میں متعارف کروائے جانے والے گلیکسی ایس 4 سمارٹ فون کے 1 کروڑ یونٹ فروخت کر لیے ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق ایک سیکنڈ میں کم و بیش چار گلیکسی ایس 4 سمارٹ فون فروخت ہوتے ہیں۔ گلیکسی ایس 4 نے اتنی جلدی مقبولیت حاصل کرکے پچھلے تمام گلیکسی فونز کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ گلیکسی ایس 4 کو گذشتہ ماہ کی 26 تاریخ کو فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا اور ایک ماہ سے بھی کم عرصہ میں اس نے 1 کروڑ فروخت کا ہدف عبور کر لیا۔ اس سے قبل گلیکسی ایس 3 کو 1 کروڑ کا ہدف حاصل کرنے میں 50 دن لگے تھے جبکہ گلیکسی ایس 2 کو پانچ مہینے اور گلیکسی ایس 1 نے 7 ماہ کے عرصہ میں یہ ہدف عبور کیا تھا۔
کمپنی نے اس بات کا اعلان بھی کیا ہے کہ جلد اس فون کو نیلے، مہرون، جامنی اور براؤن رنگوں میں بھی متعارف کروایا جائے گا۔ فی الوقت یہ فون کالے اور سفید رنگوں میں دستیاب ہے۔
سام سنگ گلیکسی ایس 4 کی نمایاں خصوصیات کچھ یوں ہیں:
- 5 انچ لمبی 1080p گوریلا گلاس 3 ٹچ سکرین
- اینڈرائیڈ جیلی بین 4.2.2 اور TouchWiz یوزر انٹرفیس
- کواڈ کور 1.6GHz پراسیسر اور Exynos 5410 چپ سیٹ
- 2 جی بی ریم اور 16 جی بی میموری
- 13 میگا پکزل آٹوفوکس کیمرہ اور سامنے کی جانب 2 میگا پکزل کیمرہ
- 1080p ویڈیو ریکارڈنگ، بیک وقت آگے پیچھے نصب کیمروں کا استعمال
- بلیوٹوتھ 4، این ایف سی، وائی فائی ڈائریکٹ، ایم ایچ ایل 2.0
- بیرومیٹر، تھرمامیٹر، ہائیگروسکوپ، انفراریڈ
پاکستان میں اس فون کو اس ماہ کے آغاز پر فروخت کے لیے پیش کیا گیا اور اسکی قیمت 72 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس حوالے سے سام سنگ اور یوفون کے درمیان ایک معاہدہ بھی طے پایا جسکے تحت یوفون اپنے صارفین کو گلیکسی ایس 4 کے ساتھ مفت ایس ایم ایس، کالز اور موبائل انٹرنیٹ فراہم کر رہا ہے۔ مختلف اطلاعات کے مطابق یوفون نے اس فون کو قسطوں پر بیچنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا تھا تاہم کمپنی ذراع نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے۔
آپ کے خیال میں کیا واقعی سام سنگ گلیکسی ایس 4 اس وقت تک متعارف کروائے جانے والے تمام اینڈرائیڈ سمارٹ فونز سے بہتر ہے؟ اگر آپکے پاس اس فون کو خریدنے کے وسائل ہوں تو کیا آپ اسے خریدیں گے یا پہلے ہی خرید چکے ہیں؟ تبصرہ کرنا مت بھولیے گا۔