گوگل گلاس پراجیکٹ جسے پچھلے سال اپریل میں متعارف کروایا گیا تھا اسکے بارے میں یوں تو بہت سی خبریں اور اسکے مختلف فیچرز کے بارے میں کہانیاں سننے کو ملتی ہیں۔ مگر اس میں موجود ہارڈوئیر کے بارے میں ابھی تک کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئی تھیں۔
تاہم گذشتہ روز گوگل کی جانب سے کمپنی کی آفیشل ویب سائیٹ پر پراجیکٹ گلاس کے بارے میں کچھ تفصیلات شائع کی گئی ہیں جو کچھ یوں ہیں:
فریم:
گوگل گلاس کا فریم انتہائی لچکدار اور پائیدار ہے۔ آپ اس میں موجود نوز پیڈز کو اپنی ناک کی ساخت کے حساب سے موڑ بھی سکتے ہیں۔ اسکے علاوہ گلاس کے ساتھ آپ کو چھوٹے اور بڑے سائز کے اضافی نوز پیڈ بھی فراہم کیے جائیں گے۔
ڈسپلے:
گوگل گلاس کی ریزولیوشن 360×640 پکزل ہے، کمپنی کے مطابق اسکا رزلٹ بالکل ایسا ہے جیسے 25 انچ ہائی ڈیفینیشن سکرین کو 8 فٹ کے فاصلے سے دیکھا جائے۔
کیمرہ:
گوگل گلاس میں نصب کیمرہ 5 میگا پکزل کی تصاویر اتارنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اسکے ساتھ ساتھ یہ 720p ریزولیوشن کی ویڈیوز بھی بناسکتا ہے۔
آڈیو:
ویب سائیٹ پر فراہم کی گئی معلومات کے مطابق گوگل گلاس میں آواز کے لیے Bone Conduction کا طریقہ کار اپنایا گیا ہے جسکی مدد سے آواز صرف اسی شخص کو سنائی دے گی جس نے عینک پہنی ہوگی، اسی طرح شور والی جگہوں پر بھی آپ کو واضح آواز سنائی دے گی۔
سٹوریج:
گوگل گلاس میں 16 جی بی فلیش سٹوریج نصب کی گئی ہے تاہم آپریٹنگ سسٹم بھی اس میں سے کچھ جگہ استعمال کرے گا، جسکی وجہ سے ایپلی کیشنز، تصاویر اور ویڈیوز کے لیے 12 جی بی تک جگہ دستیاب ہوگی۔
کنیکٹیویٹی:
گوگل گلاس میں وائی فائی اور بلیوٹوتھ کی سہولت فراہم کی گئی ہے اسکے علاوہ اسکے میں ایک عدد مائیکرو یو ایس بی پورٹ بھی ہے جسکی مدد سے آپ اسے چارج بھی کرسکتے ہیں۔
بیٹری:
گوگل کی جانب سے بیٹری کے بارے میں تفصیلی معلومات تو فراہم نہیں کی گئی تاہم کمپنی کا دعوی ہے کہ عام صارفین کےلیے یہ ایک دن کا بیک فراہم کرسکتی ہے۔
گوگل گلاس میں موجود بلیوٹوتھ فنکشن کی بدولت اسے کسی بھی بلیو ٹوتھ فون کے ساتھ بھی استعمال کیا جاسکتا ہے تاہم اس مقصد کے لیے MyGlass companion نام کی ایپلی کیشن موزوں ہے کیونکہ اسکی مدد سے آپ گلاس پر جی پی ایس اور ایس ایم ایس کا فنکشن بھی استعمال کر سکیں گے۔
یہ تمام معلومات گوگل کی ویب سائیٹ پر شائع کر دی گئی ہیں تاہم کمپنی نے فی الوقت گلاس میں استعمال ہونے والے پراسیسر اور ریم کے بارے میں کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کیں۔
گوگل نے گلاس کا پہلا ورژن مخصوص افراد کے ایک گروپ کو 1500 امریکی ڈالر میں فروخت کیا ہے اور گذشتہ روز سے ان ڈیوائسز کی ترسیل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔