نوکیا نے پیور فوڈ کیمرہ سے مزین اپنی طرز کا پہلا مائیکروویو اون متعارف کروادیا

لیجئے جناب آج نوکیا کی جانب سے دنیا میں اپنی طرز کا پہلا مائیکروویو اون متعارف کروادیا گیا  ہے۔ لومیا سیریز سے مشابہت رکھنے والا یہ 5000 واٹ کا اون بہت تیزی سے آپکا کھانا تیار کر دیتا ہے۔

microwave_465

مکمل ٹچ سکرین کا حامل یہ اون گھریلو اور کمرشل استعمال کے لیے موزوں ترین ہے۔ نوکیا کے ڈائریکٹر انویشن اولاوی ہوٹیکو کے مطابق کمپنی کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ وہ صارفین کو جدید ترین ٹیکنالوجی فراہم کریں اور چونکہ نوکیا پہلے سے مائیکروویو ریڈیو شعاعوں پر کام کررہی ہے لہذا کمپنی کا یہ اقدام بالکل درست ہے۔

نوکیا کا یہ نیا مائیکروویو اون سام سنگ گلیکسی ایس 4 کی طرح eye-tracking ٹیکنالوجی سے مزین ہے۔ جو آپ کی نگاہوں سے اندازہ کر لیتا ہے کہ آپ کو کتنی بھوک لگی ہے اوراس حساب سے کھانا پکاتا ہے۔

camera
نوکیا کہ اس نئے اون میں پیور فوڈ کیمرہ بھی نصب ہے جو مختلف ایپلی کیشنز کی مدد سے آپ کے کھانے کی تصاویر سوشل میڈیا ویب سائیٹس جیسے فیس بک اور ٹوئٹر پر شئیر کردیتا ہے۔

یہ مائیکروویو اون چند ماہ بعد فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا اور اسکی تعارفی قیمت 399 یورو مقرر کی گئی ہے جو تمام ٹیکسوں کے علاوہ ہے۔ کمپنی کی جانب سے کم کھانے والے افراد کے لیے اون کا ’منی ورژن‘ بھی متعارف کروائے جانے کا امکان ہے۔

اگر آپ سوچ رہے ہیں کہ آخر یہ سب کیا بکواس ہے؟ تو آپ کو بتاتا چلوں کہ یہ نوکیا کا اپریل فول ہے، نہ تو کمپنی نے ایسا کوئی مائیکروویو اون متعارف کروایا ہے اور نہ ہی اسکا کوئی ایسا ارادہ ہے۔ دیگر کمپنیوں کی طرح نوکیا کی جانب سے آج کمپنی کے بلاگ پر صارفین کے ساتھ ایک مذاق کیا گیا ہے۔ میرے ذاتی خیال کے مطابق سونی اور گوگل کے مقابلے میں نوکیا کا فول زیادہ بہتر رہا ہے۔