دنیا میں سب سے مہنگا 15 ملین امریکی ڈالر مالیت کا آئی فون

یہ تو آپ جانتے ہی ہونگے کہ دیگر سمارٹ فونز کی نسبت ایپل کے آئی فون کی قیمت کچھ زیادہ ہی ہوتی ہے۔ اس کے باوجود بہت سے افراد اور کمپنیاں ان فونز پر ہیرے موتی جڑ کر انہیں مزید مہنگا بنانے کی کوشش میں لگی رہتی ہیں۔ لندن کی ایک کمپنی نے کچھ عرصہ قبل 3 لاکھ امریکی ڈالر کا آئی فون کیس بھی تیار کیا اور سونے کی کیسنگ اور 100 قیراط ہیروں سے مزین آئی فون کے قصے بھی سامنے آتے رہے ہیں۔

iphone

مگر ہانگ کانگ کے ایک سرمایہ دار نے ان سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ جنہیں 14.5 ملین امریکی ڈالر مالیت کا 26 قیراط بلیک ڈائمنڈ ورثہ میں ملا تو انہوں نے اسکی نمائش کا ایک انوکھا انداز اپنایا۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے لیور پول کے ڈیزائنر سٹورٹ ہیوز کی خدمات حاصل کیں۔ جنہوں نے پہلے تو فون کے لیے سونے کی باڈی تیار کی اور پھر اس کے کناروں پر 600 سفید ہیرے جڑے۔ پشت پر موجود ایپل کے لوگو کے لیے 53 ہیرے الگ سے لگائے گئے اور پھر Home بٹن کی جگہ وراثت میں ملنے والا 26 قیراط کا ہیرا جڑ دیا گیا۔

phone-gold
سٹورٹ کے مطابق انہیں یہ ڈیزائن تیار کرنے میں کم و بیش 9 ہفتے لگے اور ہوم بٹن کی جگہ ہیرا فٹ کرنے کے لیے مکاؤ میں موجود ایک انجینئر کی خدمات حاصل کی گئیں کیونکہ یہ کالا ہیرا آج تک چین کی حدود سے باہر نہیں گیا۔ اس فون کی کل مالیت کم و بیش 15 ملین امریکی ڈالر ہے۔

سٹورٹ اس سے قبل بھی سونے اور ہیروں سے مزین آئی فون ، آئی پیڈ، دیگر گیجٹس اور دیگر اشیاء تیار کرتے رہے ہیں مگر انکے مطابق یہ ڈیزائن انکا سب سے بہترین شاہکار ہے۔

فون تو بلاشبہ بہت خوبصورت ہے تاہم آپ اسے خرید نہیں سکتے کیونکہ اول تو یہ بہت ہی مہنگا ہے اور دوسرا یہ کہ فون کے مالک اسے بیچنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔