گوگل کی نئی نیکسس 7 ٹیبلیٹ اس سال جولائی میں متعارف کروائی جائے گی

Reuters کی جانب سے حال ہی میں شائع کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق گوگل نئی نیکسس 7 ٹیبلیٹ کی تیاری میں مصروف ہے جو اس سال Google I/O کانفرنس کے موقع پر متعارف کروائی جائے گی۔
Nexus-new
اگر آپ نیکسس 7 ٹیبلیٹ کے بارے میں نہیں جانتے تو آپ کو بتاتا چلوں گذشتہ سال گوگل کی جانب سے پہلی بار نیکسس برانڈ کی ٹیبلیٹ پیش کی گئی جو اینڈرائیڈ جیلی بین سے مزین تھی، اس ٹیبلیٹ کو ایسوس نے تیار کیا تھا۔ اس سے قبل گوگل صرف نیکسس سمارٹ فونز ہی فروخت کررہی تھی۔ نیکسس برانڈ کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے ساتھ ہمیشہ اینڈرائیڈ کا نیا ورژن متعارف کروایا جاتاہے اور یہ کسی بھی قسم تحریف و تبدیلی سے پاک ہوتاہے۔ یہی وجہ ہے کہ گوگل اینڈرائیڈ کا کوئی بھی نیا ورژن سب سے پہلے نیکسس ڈیوائسز کے لیے دستیاب ہوتا ہے۔

گذشتہ سال اس ٹیبلیٹ کا 8GB ورژن صرف 199 امریکی ڈالر میں پیش کیا گیا تھا اور بعد ازاں 16GB ورژن کی قیمت میں بھی کمی کر دی گئی تھی۔ کواڈ کور پراسیسر اور 1GB ریم سے مزین اس کم قیمت ٹیبلیٹ کو دنیا بھر میں بے حد پذیرائی حاصل ہوئی اور کمپنی نے کم و بیش 80 لاکھ ٹیبلیٹ فروخت کیے۔ نیکسس 7 کو ’گیجٹ آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ بھی ملا۔

Reuters کی رپورٹ کے مطابق اس سال گوگل نے ایک بار پھر ایسوس کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، لیکن اب کی بار Nvidia Tegra 3 کی بجائے کوال کام کا پراسیسر استعمال کیاجائے گا۔ اس نئی ٹیبلیٹ کی سکرین بھی 7 انچ لمبی ہی ہوگی مگر اس بار سکرین ریزولیوشن میں اضافہ کیا جائے گا۔ خیال کیا جارہاہے کہ 16GB ورژن کی قیمت اس بار بھی 199 امریکی ڈالر مقرر کی جائے گی۔ جبکہ پرانی نیکسس 7 ٹیبلیٹ کی قیمت کو 149 یا اس سے بھی کم کر دیا جائے گا۔

آپ کے خیال میں کیا یہ نئی ٹیبلیٹ اصل نیکسس 7 جتنی مقبولیت حاصل کر پائے گی؟ اور کیا آپ سمجھتے ہیں کہ گوگل کو یہ کم قیمت ٹیبلیٹس پاکستان اور تیسری دنیا کے دیگر ممالک میں بھی متعارف کروانی چاہیں؟ (یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں نیکسس 7 کو پڑوسی ملک ہندوستان میں لانچ کیا گیا ہے لیکن امریکہ کے مقابلے میں اسکی قیمت کافی زیادہ مقرر کی گئی ہے)