فیس بک میں ایک خامی یہ ہے کہ اس میں Like کا بٹن تو موجود ہے لیکن Dislike کا بٹن نہیں۔ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ آپ کو کسی کا سٹیٹس یا کوئی تصویر پسند نہیں آتی، یا کوئی دوست اپنے غم کی داستان بیان کرتا ہے تو آپ کے پاس اسے لائک کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوتا۔
اسی خامی کو مدنظر رکھتے ہوئے چند روز قبل جیک بینکس نامی ڈیویلپر نے Hater ایپلی کیشن متعارف کروائی ہے۔ انسٹاگرام سے مشابہت رکھنی والی اس ایپلی کیشن کے ذریعے آپ اپنے دوستوں اور پوری دنیا کے لوگوں کے ساتھ اپنے دکھ درد اور نفرتیں شئیر کرسکتے ہیں۔ مثلاً اگر آپ کو ٹریفک جام سے کوفت ہوتی ہے یا پھر کسی دکاندار نے آپ کو الوّ بنایا ہے آپ اس ایپلی کیشن کے ذریعے اپنی نفرت کا اظہار کریں۔ اگر آپ کے دوستوں کو یہ باتیں بری لگتی ہوں یا انکے ساتھ بھی کوئی ایسا ہی واقع پیش آیا ہو تو وہ بھی نفرت کا بٹن دبائیں گے۔
اس ایپلی کیشن کے ذریعے آپ نہ صرف تصاویر اپلوڈ کرسکتے ہیں بلکہ فیس بک یا دیگر سوشل نیٹورکس کی تصاویر شئیر کرکے اس پر بھی اپنی نفرت کااظہار کر سکتے ہیں۔
اس ایپلی کیشن کی بدولت کسی کا بھلا ہو یا نہ ہو، کم از کم آپ اپنا غصہ ضرور نکال سکتے ۔ تاہم فی الوقت یہ ایپلی کیشن صرف آئی او ایس (ایپل اور آئی پیڈ) صارفین کے لیے دستیاب ہے اور مجھ سمیت تمام اینڈرائیڈ صارفین کو اس بات پر سخت غصہ ہے کہ ایسا کیوں ہے؟