ہواوے نے پاکستان میں نیا اینڈرائیڈ فون وائے 300 لانچ کر دیا

گذشتہ سال برازیل میں متعارف کروائے جانے والے ہواوے کے نئے فون ایسنڈ وائے 300 کو آج پاکستان میں لانچ کر دیا گیا ہے۔ یہ کم قیمت سمارٹ فون اینڈرائیڈ جیلی بین سے مزین ہے۔ اسکی سکرین 4 انچ لمبی ہے اور اسکی ریزولیوشن 800×480 پکزل ہے۔ اس فون میں 1 گیگا ہرٹز ڈؤل کور پراسیسر اور 512ایم بی ریم نصب ہے۔

فون دو کیمروں سے مزین ہے، پشت کی جانب نصب کیمرہ 5 میگا پکزل جبکہ سامنے کی جانب والا کیمرہ 0.3 میگا پکزل ہے۔ فون میں ہواوے کا یوزر انٹرفیس Emotion UI استعمال کیا گیا ہے۔ فون کا ڈیزائن ہواوے ایسنڈ W1 سے کافی مشابہت رکھتا ہے۔

huawei-y300

فون پاکستان بھر میں 13000 روپے میں دستیاب ہے اور اسکے ساتھ ایک سال کی وارنٹی فراہم کی جارہی ہے۔ آئی ٹی نامہ سے گفتگو کرتے ہوئے ہواوے پاکستان کے ٹرمینل ڈائریکٹر نے کہا کہ انکی کمپنی کا عزم ہے کہ وہ پاکستانی صارفین کے لیے ارزاں داموں اچھی مصنوعات متعارف کروائیں۔

اکثر ہواوے کی جانب سے اینڈرائیڈ کے نئے ورژن کا اپڈیٹ فراہم نہیں کیا جاتا جبکہ دیگر کمپنیاں جیسے سام سنگ اس حوالے سے کافی تیز ہیں اور صارفین کو فوری نئے اپڈیٹ فراہم کرتی ہیں۔ اس سوال پر ہواوے کے نمائیندہ نے جواب دیا کہ کمپنی مستقبل میں فونز کو اینڈرائیڈ کے نئے ورژن پر اپگریڈ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے مگر بعض اوقات ہارڈوئیر پرانا ہونے کے باعث ان پر نیا ورژن نہیں چل سکتا۔

huawei-y300-pakistan

فون میں زیادہ تر پلاسٹک کا استعمال کیا گیا ہے مگر یہ کافی پائیدار ہے اسکے علاوہ سکرین کے رنگ بھی اچھے ہیں۔ البتہ کیمرہ کچھ خاص نہیں۔ فون کی بیٹری اور پراسیسر و ریم کی کارکردگی کے حوالے سے جلد آئی ٹی نامہ پر مکمل ری ویو پیش کیا جائے گا۔