ٹوئٹر پرایک بار پھر ہیکرز کا حملہ: 2 لاکھ پچاس ہزار اکاؤنٹ متاثر

ٹوئٹر کی جانب سےگذشتہ روز ایک بلاگ پوسٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ اس ہفتے کے دوران  ہیکرز نے انتہائی منظم طور پر مائیکروبلاگنگ ویب سائیٹ ٹوئٹر پر حملے کیے ہیں جسکے نتیجے میں کم و بیش 2 لاکھ 50 ہزار ٹوئٹر صارفین کی معلومات ہیکرز کے قبضے میں پہنچ چکی ہیں۔

twitter

ٹوئٹر کے ڈائریکٹر آف انفارمیشن سیکیورٹی بوب لارڈ کے مطابق انہوں نے ہیکرز کے حملوں کو روک لیا ہے لیکن انہیں ڈر ہے کہ کم و بیش 2 لاکھ 50 ہزار صارفین کی معلومات جیسے صارف نام، ای میل اور پاسورڈز ہیکرز کے پاس پہنچ چکے ہیں۔ بوب لارڈ کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے ان تمام اکاؤنٹس کے پاسورڈ تبدیل کردیے گئے اور صارفین کو دوبارہ اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کرنے کے لیے ہدایات ای میل کر دی گئی ہیں۔

بوب لارڈ نے مزید بتایا کہ ہیکرز نے انتہائی منظم طریقے سے ٹوئٹر پر حملہ کیا ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ بچوں کا کھیل نہیں بلکہ اسکے پیچھے کوئی بڑی قوت ہے۔ انکے مطابق ہیکرز کا یہ حملہ نیویارک ٹائمزاور وال سٹریٹ جرنل کے نیٹورک پر کیے جانے والے چینی ہیکرز کے حملے سے کافی مماثلت رکھتا ہے، تاہم انہوں نے ٹوئٹر پر حملہ کرنے والے ہیکرز یا انکے ملک کے مطابق فی الوقت کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔

ٹوئٹر انتظامیہ کی جانب سے صارفین کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ ٹوئٹر کی جانب سے موصول ہونے والی ای میلز پر خاص نظر رکھیں کیونکہ ہیکرز اکثر جعلی ای میل بھیج کر صارفین کے اکاؤنٹ ہتھیا لیتے ہیں، اسی طرح پاسورڈ منتخب کرتے ہوئے بھی خاص احتیاط کی جائے اور روزمرہ استعمال ہونے والے الفاظ سے ہٹ کر پاسورڈ منتخب کیا جائے۔