PKNIC ایک بار پھر ہیک : جنگ ، ایکسپریس اور پروپاکستانی ہیکرز کے قبضے میں

آپ کو یاد ہوگا کہ کم و بیش دو ماہ پہلے ہی ترکی کے ہیکرز نے پاکستان کے ڈومین رجسٹرار PKNIC کو ہیک کر لیا تھا جسکی وجہ سے گوگل پاکستان سمیت 300 کے قریب ویب سائیٹس ہیکرز کے قابو میں آگئیں۔ ہیکرز نے PKNIC کے ڈی این ایس سسٹم میں موجود خامی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اسے ہیک کر لیا تھا، لیکن بعد ازاں کمپنی کی جانب سے اس بات کا اعلان کیا گیا کہ تمام خامیوں کو دور کر لیا گیا اور اب صارفین کے اکاؤنٹ محفوظ ہیں۔

hacker

مگر آج صبح PakBugs نامی ایک ہیکر گروپ نے ایک بار پھر PKNIC پر حملہ کر دیا ہے اور .com.pk , .pk کی ایکسٹنشن والی 23000 پاکستانی ڈومینز کو ہیک کر لیا ہے جن میں چند بڑی ویب سائیٹس جیسے جنگ، ایکسپریس اور پروپاکستانی بھی شامل ہیں۔

ہیکرز نے اپنے پیغام میں PKNIC کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور انہیں کھلا چیلنج دیا ہے کہ وہ نااہل ہیں۔ ہیکرز کے مطابق انہوں نے 23000 اکاؤنٹس کا کنٹرول سنبھال لیا ہے لیکن ابھی صرف چند مشہور ویب سائیٹس کو ہی ڈیفیس کیا گیا ہے۔ ہیکرز کا پیغام کچھ یوں ہے

hacker

پاکستانی ڈومینز جیسے .com.pk , .pk اور .org.pk کی رجسٹریشن سروسز فراہم کرنے والی کمپنی جس نے 1992 میں اپنی سروسز کا آغاز کیا ایک پاکستانی نژاد امریکی شہری عاشر نثار کی ملکیت ہے۔ 2009 میں PKNIC نے لاہور میں بھی اپنا ایک دفتر قائم کر لیا لیکن زیادہ تر امور امریکہ میں سرانجام دیے جاتے ہیں۔ دیگر ڈومین رجسٹرارز کی نسبت PKNIC کا سسٹم کافی مشکل اور پرانا ہے جسکی وجہ سے صارفین کو اکثر مشکلات کا سامنا رہتا ہے اور اب یہ ہیکرز کی توجہ کا مرکز بھی بن گیا ہے۔ آج ہونے والے حملے کے حوالے سے تاحال PKNIC کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔