مائیکروسافٹ کی جانب سے گذشتہ روز اعلان کیا گیا ہے کہ اب انٹرنیٹ ایکسپلورر کا سب سے جدید ترین ورژن IE10 ونڈوز 7 صارفین کے لیے بھی دستیاب ہے۔ اس حوالے سے جن صارفین نے ریلیز پری ویو ڈاؤنلوڈ کیا ہوا ہے انکے براؤزر کو اپگریڈ کردیا گیا ہے اور آئیندہ چند دنوں میں IE9 صارفین کو بھی خودکار طریقے سے نئے براؤزر پر اپگریڈ کر دیا جائے گا۔ انٹرنیٹ ایکسپلورر10 95 مختلف زبانوں میں دستیاب ہے۔
پرانے براؤزر کے مقابلے میں IE10 زیادہ تیز رفتار اور محفوظ ہے۔ اس میں جاواسکرپٹ کی پرفارمنس کو بڑھایا گیا ہےاور ساتھ ہی ساتھ سی پی یو کے بوجھ کو کم کیا گیاہے جسکی بدولت لیپ ٹاپس میں بیٹری لائف کو بڑھایا جاسکے گا۔
نئے براؤزر میں جدید ویب سٹینڈر جیسے ایچ ٹی ایم ایل 5 اور سی ایس ایس 3 کی سپورٹ میں بھی بہتری لائی گئی ہےاور انٹرنیٹ ایکسپلورر 9 کے مقابلے میں یہ براؤزر 30 نئے ویب سٹینڈرڈز کو سپورٹ کرتا ہے۔
ونڈوز 7 صارفین کے لیے اس نئے براؤزر کا انٹرفیس کچھ زیادہ مختلف نہیں ہوگا اور نہ ہی انہیں ونڈوز 8 کی طرح فل سکرین فراہم کی جائے گی۔ اگر آپ کا براؤزر اپگریڈ نہیں ہوا تو آپ اس لنک سے نیا ورژن ڈاؤنلوڈ کرسکتے ہیں۔
ویسے آپ میں سے کتنے دوست انٹرنیٹ ایکسپلورر استعمال کرتے ہیں؟