لڑائی مار کٹائی اور گالم گلوچ سے بھرپور پرتشدد ویڈیو گیم جی ٹی اے (گرینڈ تھیفٹ آٹو) کا نیا پارٹ 17 ستمبر کو فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر یہ گیم ایکس باکس 360 اور پلے سٹیشن 3 کے لیے پیش کی جائے گی لیکن امید ہے کہ جلد ہی اس کا پی سی ورژن بھی متعارف کروایا جائے گا۔
جی ٹی اے 5 کو اس سال مارچ کے مہینے میں پیش کیا جانا تھا مگر گذشتہ روز راکسٹار گیمز کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اب اس گیم کو 17 ستمبر کو پیش کیا جائے گا۔ اس تاخیر کا مقصد یہ ہے کہ گیم میں موجود تمام خامیوں پر قابو پالیا جائے تاکہ صارفین کو کسی قسم کی شکایت نہ ہوں۔
جی ٹی اے سیریز کی اس نئی گیم میں لاس اینجلس کے شہر کا نقشہ کھینچا گیا ہے اور اس گیم میں پلئیر کو تین کریکٹرز سے کھیلنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ روایتی کہانی کے سٹائل کے ساتھ ساتھ اس میں بہت سے نئی چیزیں بھی شامل کی گئی ہیں اور یہ دیگر گیمز کی نسبت زیادہ لمبی اور دلچسپ ہوگی۔
1997 سے لے کر اب تک جی ٹی اے گیم سیریز کی کم از کم 125 ملین کاپیاں فروخت کی گئی ہیں جبکہ Pirated کاپیاں اسکے علاوہ ہیں۔ گذشتہ برس جی ٹی اے وائس سٹی کی دسویں سالگرہ کے موقع پر یہ گیم اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے لیے بھی متعارف کروائی گئی۔
پاکستان میں بہت سے لوگ اس گیم کو پسند کرتے ہیں جن میں سے اکثریت کم عمر افراد کی ہے، خیال کیجئے کہ یہ گیم تشدد اور فحاشی سے بھرپورہوگی لہذا بچے اسے کھیلنے سے پرہیز کریں۔