آئی ٹی نامہ کی دوسری سالگرہ

دو سال قبل آج ہی کے روز آئی ٹی نامہ کا آغاز کیا گیا تھا۔ اس وقت مجھے اس بات کا بالکل اندازہ نہیں تھا کہ یہ بلاگ اتنی مقبولیت حاصل کرے گا اور نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر سے اردو پڑھنے والے قارئین کو اپنی جانب راغب کرلے گا۔ میری جانب سے اس پر مسرت موقع پر آپ تمام دوستوں کو بے حد مبارک باد۔

nama

گو کہ آئی ٹی نامہ کے لیے گذشتہ سال کچھ اچھا نہ رہا لیکن فیس بک اور ٹوئٹر پر آئی ٹی نامہ کی مقبولیت میں کافی اضافہ ہوا۔ چند ماہ قبل آئی ٹی نامہ پر ’ٹالک‘ کے نام سے فورمز بھی بنائے گئے جہاں آپ اور ہم مل کر ٹیکنالوجی سے متعلق چھوٹے بڑے مسائل کا حل تلاش کرتے ہیں۔

talk

گذشتہ سال میں نے عہد کیا تھا کہ آئی ٹی نامہ پر پوسٹس کی تعداد کو بڑھایا جائے گا تاکہ قارئین کو روزانہ نت نئی خبریں اور معلومات فراہم کی جاسکیں مگر افسوس کہ اس مقصد میں زیادہ کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔ فی الوقت آئی ٹی نامہ سے ہمیں کسی قسم کی آمدن نہیں ہوتی ، ایسی صورت میں آئی ٹی نامہ کے لکھاریوں کو معاوضہ دینا بہت محال ہے۔ اسی وجہ سے جو چند دوست کبھی کبھار کچھ لکھ بھیجتے تھے وہ بھی کنارہ کشی کرتے جارہے ہیں۔ ہم اپنی بھر پور کوشش کررہے ہیں کہ آئی ٹی نامہ کے لیے کہیں نہ کہیں سے اشتہارات حاصل کیے جائیں ، تاکہ آمدن کا کچھ ذریعہ بنے مگر فی الحال امید کی کوئی کرن نظر نہیں آتی۔

میری جانب سے آپ تمام دوستوں اور تمام معاونین کو ایک بار پھر بہت بہت مبارک باد، اگر آپ کے ذہن میں کوئی تجویز ہو یا آپ کو آئی ٹی نامہ پر کوئی خامی یا نقص نظر آئے تو ہمیں ضرور مطلع کیجئے۔ اگر آپ آئی ٹی نامہ کے لیے لکھنا چاہتے ہیں تو رابطے کا صفحہ استعمال کیجئے۔ آپ اپنی تحاریر رومن اردو میں بھی ارسال کرسکتے ہیں۔

اور میں آپ کو یہ بات تو بتانا ہی بھول گیا کہ آئی ٹی نامہ کے لیے ایک نئی تھیم تیار کی جارہی ہے جو ڈیسکٹاپ اور موبائل صارفین دونوں کے لیے یکساں مفید ہوگی۔ اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔

محمد زہیر چوھان