پی ٹی سی کا جادو باکس : مفت کہیں مہنگا نہ پڑ جائے

وہ دوست جو یہ نہیں جانتے کہ جادو باکس کیا ہے پہلے تو انہیں بتاتا چلوں کہ اس میں جادوئی چیز کوئی بھی نہیں۔ جادو باکس دراصل پی ٹی سی ایل کا وائی فائی موڈیم ہے جسکے ساتھ پی ٹی سی ایل کی ایوو ڈیوئس بھی فراہم کی جاتی ہے۔ اگر آپ کا ڈی ایس ایل ڈاؤن ہو تو آپ بوقت ضرورت ایوو ڈایوئس اس میں لگا کر اس سے انٹرنیٹ چلا سکتے ہیں۔  لیکن اگر دونوں سروسز ڈاؤن ہوں تو پھر کوئی جادو نہیں چلے گا۔

box

پی ٹی سی ایل کی جانب سے حال ہی میں ایک نئی آفر متعارف کروائی گئی ہے جس میں 2Mbps اور 4Mbps کنکشن لگوانے والے تمام صارفین کے لیے جادو باکس لازمی کر دیا گیا ہے اور نہ صرف ماہانہ چارجز بڑھا دیے گئے ہیں بلکہ اضافی انسٹالیشن چارجز بھی شامل کر دیے گئے ہیں۔ آپ سوچ رہے ہونگے کہ جناب یہ کیسی آفر ہے؟ تو جناب پی ٹی سی ایل میں خوش آمدید۔

آفر کی تفصیلات:

  • یہ آفر تمام نئے 2Mbps اور 4Mbps صارفین کے لیے لازم ہے، جبکہ موجودہ صارفین بھی یہ آفر حاصل کرسکتےہیں۔
  • اس آفر میں آپ کو جادو باکس کے ساتھ ایوو ڈیوائس فراہم نہیں کی جائے گی، آپکو اسے الگ سے خریدنا ہوگا۔
  • 2Mbps کے نئے چارجز 1549 ماہانہ اور 4Mbps کے چارجز 2100 روپے ماہانہ ہونگے۔
  • جادو باکس کے انسٹالیشن چارجز 1500 روپے ہونگے ، جبکہ نئے ڈی ایس ایل کے چارجز 500 روپے اسکے علاوہ ہونگے۔
  • 6Mbps اور اسے زیادہ سپیڈ والے پیکجز کے چارجز میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔
  • 1Mbps صارفین کو جادو باکس حاصل کرنے کے لیے تمام چارجز کے علاوہ 1000 روپے مزید ادا کرنا ہونگے۔

تو جناب پی ٹی سی ایل کے جادو کے زیر اثر مت آئیے گا ، اگر آپ پہلے سے وائی فائی موڈیم استعمال کررہے  ہیں تو اسی پرقناعت کریں، لیکن اگر آپ نیا کنکشن لگوانے جارہے تو پھر پی ٹی سی ایل کا جادو سر چڑھ کر بولے گا۔