لیجئے جناب کیتھولک عیسائیوں کے پیشوا پوپ بینیڈکٹ XVI نے بھی مائیکروبلاگنگ ویب سائیٹ ٹوئٹر کا استعمال شروع کر دیا اور آج اپنی پہلی ٹوئیٹ کر ڈالی۔
سوشل میڈیا کی اہمیت کا احساس کرتے ہوئے پوپ صاحب نے سوچا کہ دیگر مذاہب اور لادینیت کی طرف جاتے اپنے پیروکاروں کی ایک بڑی تعداد کو واپس عیسائیت کی طرف راغب کیا جائے۔ گوکہ پوپ بینیڈکٹ خود تو ٹوئٹر استعمال نہیں کریں گے لیکن الفاظ انہی کے ہونگے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ جلد دوسری زبانوں جیسی جرمن، ہسپانوی اور عربی وغیرہ میں بھی ٹوئٹر اکاؤنٹ بنائیں جائیں گے۔ پوپ نے اپنی پہلی ٹوئیٹ میں ان خیالات کا اظہار کیا:
پوپ کا آفیشل اکاؤنٹ تو 3 دسمبر کو بنایا گیا لیکن اس پر کوئی ٹوئیٹ نہیں کی گئی اور آج پہلی بار پوپ نے ٹوئٹر کے ذریعے لوگوں سے خطاب کیا۔ پوپ کے اکآؤنٹ کے اس وقت کم و بیش 8 لاکھ فالورز ہوچکے ہیں جنکی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
اخبارات اور ٹیلی ویژن کے بعد یقیناً سوشل میڈیا لوگوں سے رابطے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے اور آہستہ آہستہ معاشرے کے تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد اس کی اہمیت سے واقف ہورہے ہیں۔ پاکستان میں بھی بہت سے مذھبی سکالرز اور سیاستدانوں کے نام سے فیس بک پیج اور ٹوئٹر اکاؤنٹ چلائے جارہے ہیں لیکن آفیشل چند ایک ہی ہیں۔ کیا آپکے خیال میں اگلا آنے والا دور سوشل میڈیا کا ہوگا؟