اینڈرائیڈ کے اگلے ورژن کا نام ’کی لائم پائی ہوگا‘ : گوگل کی جانب سے تصدیق

گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ کے ہر نئے ورژن کے لیے انگریزی حروف تحجی کے حساب سے میٹھے میٹھے نام رکھنے کی روایت سے تو اب کم وبیش تمام اینڈرائیڈ صارفین واقف ہوچکے ہیں، اور جیلی بین کے بعد یہی امید کی جارہی ہے کہ اگلا ورژن انگریزی حرف K سے شروع ہوگا۔
جیلی بین کی ریلیز سے قبل سال کے آغاز پر ہم نے آپ کو بتایا تھا کہ گوگل کی جانب سے چند اشارے دیے گئے ہیں کہ نئے آنے والے ورژن کا نام مشہور امریکی مٹھائی ’کی لائم پائی‘ رکھا جائے گا۔ گو کہ یہ نام امریکہ کے لیے تو نیا نہیں لیکن باقی دنیا کے لیے شاید کچھ عجیب ہو۔ اس حوالے سے ہمارا تجویز کردہ نام ’اینڈرائیڈ قلفی‘ یا ’اینڈرائیڈ کھیر‘ زیادہ مزے دار لگتا ہے لیکن ۔ ۔ ۔

خیرآج گوگل کے ایک ملازم مانوکارنٹ کی جانب سے اپنی گوگل پلس پروفائل پر ایک خاکہ شائع کیا گیا جس میں ڈارون کے نظریہ انسانی ارتقاء کی طرز پر اینڈرائیڈ کی ارتقائی مراحل کو دکھایا گیا ہے۔ جس کا آغاز کپ کیک سے ہورہا ہے اور آخر میں اینڈرائیڈ روبوٹ کی لائم پائی کھا رہاہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ 5.0 کے لیے کی لائم پائی کا نام منتخب کر لیا گیا ہے۔

اس خاکہ میں ایک اہم بات یہ ہے کہ اینڈرائیڈ آئس کریم سینڈوچ 4.0 کے بعد روبوٹ بالکل سیدھا کھڑا جو ظاہر کرتا ہے کہ آئس کریم سینڈوچ اینڈرائیڈ کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ اینڈرائیڈ کا اگلا ورژن کب ریلیز ہوگا اور کیا اسکا نمبر 5.0 ہی ہوگا اس بارے میں فی الوقت کچھ کہنا بہت مشکل ہے۔ امید ہے کہ اس ورژن کو مئی 2013 میں گوگل کی سالانہ I/O کانفرنس کے موقع پر پیش کیا جائے گا۔

مختلف اطلاعات کے مطابق یہ نیا ورژن اپنے اندر گوگل کے کروم آپریٹنگ سسٹم کی بہت سے خصوصیات کو سمو لے گا اور اب سمارٹ فونز اور ٹیبلیٹس کے ساتھ ساتھ لیپ ٹاپ اور ڈیسکٹاپ پر بھی اینڈرائیڈ کو استعمال کیاجاسکے گا۔ لیکن فی الحال یہ باتیں صرف افواہوں کا درجہ رکھتی ہیں۔

آپ اینڈرائیڈ کی کس ارتقائی مرحلہ میں ہیں؟ یعنی آپ اینڈرائیڈ کا کونسا ورژن استعمال کررہے ہیں اور کیا آپ اس سے مطمئین ہیں ، اپنے تبصرے سے آگاہ ضرور کیجئے گا۔

بشکریہ