انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین یقیناً گوگل کی مشہور زمانہ ای میل سروس Gmail سے تو ضرور واقف ہونگے۔ بس ایک جی میل اکاؤنٹ بنائیں اور گوگل کی تمام سروسز کا لطف اٹھائیں۔
گذشتہ چند سالوں کے دوران گوگل نے دنیا بھر سے ای میل سروس استعمال کرنے والے صارفین کی بڑی اکثریت کو اپنی جانب راغب کیا ہے اور وہ لوگ جو پہلے Aol، Hotmail اور Yahoo کی سروسز استعمال کرتے تھے اب وہ دھڑا دھڑ جی میل پر منتقل ہورہے ہیں۔ گوکہ گوگل کی سروسز قابل بھروسہ ہیں لیکن کبھی کبھی یہ بھی آپ کو دھوکہ دے جاتی ہیں۔
گذشتہ رات بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔رات دس بجے کے قریب پاکستان سمیت دنیا بھر کے اکثر ممالک میں جی میل کی سروس معطل ہوگئی۔ اسکے ساتھ ساتھ بیشتر صارفین کے لیے گوگل ڈرائیو اور دیگر گوگل سروسز جیسے پلے سٹور وغیرہ بھی بند ہوگئیں۔اسی طرح گوگل کا انٹرنیٹ براوزر کروم بھی بار بار کریش ہونے لگا۔
سروس کے اس تعطل کی وجہ سے دنیا بھر سے جی میل صارفین نے فوری طور پر سوشل میڈیا ویب سائیٹس پر اپنا احتجاج شروع کردیا لیکن کم و بیش آدھے گھنٹے کے اندر ہی سروس کی بحالی شروع ہوگئی ۔
گوگل انتظامیہ کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ گذشتہ روز گوگل کی بیشتر سروسز تعطل کا شکار رہی ہیں ، لیکن تاحال اسکی کوئی وجہ بیان نہیں کی گئی۔ گوگل کی ترجمان اینڈریافروینڈ نے اپنے بیان میں تمام گوگل صارفین سے معذرت کی اور یقین دہانی کروائی کہ کمپنی اس حوالے سے فوری اقدامات کرے گی تاکہ آئیندہ ایسی صورت حال پیش نہ آئے۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گوگل کی جانب سے حال ہی میں Google Apps کی مفت سہولت ختم کردی گئی ہے۔