وارد کی جانب سے کچھ عرصہ قبل ہی کمپنی کی نئی ویب سائیٹ متعارف کروائی گئی تھی، اور اب وارد کی جانب سے اپنی ویب سائیٹ کا پری پیڈ سیکشن اردو زبان میں بھی شائع کر دیا گیا ہے۔
اردو بلاگرز کی کاوشوں کے باعث انٹرنیٹ پر یونیکوڈ اردو کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے بڑے اخبارات اور جرائد بھی اپنی ویب سائیٹس کے اردو ورژن جاری کررہے ہیں اور وارد کی جانب سے بھی اردو ویب سائیٹ پیش کر دی گئی ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کم و بیش دو سال قبل ٹیلی نار کی جانب سے بھی کمپنی کی اردو ویب سائیٹ اور ایزی پیسہ کے لیے بھی اردو ویب سائیٹ پیش کی گئی تھی لیکن اسے نامعلوم وجوہات کی بناء پر ختم کر دیا گیا۔
اردو پاکستان کی قومی زبان ہے اور انگریزی کے مقابلے میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد اردو کو بہتر انداز میں سمجھتی ہے۔خاص کر موبائل کمپنیوں کی جانب سے آئے روز متعارف کروائے جانے والے پیکجز میں چند خفیہ شرائط رکھی جاتی ہیں جنہیں عام طور پر صارفین انگریزی میں ہونے کے باعث سمجھ نہیں پاتے۔امید ہے کہ اردو زبان کی وجہ سے انکی یہ مشکل آسان ہوجائے گی۔
وارد کی ویب سائیٹ پر فی الوقت صرف پری پیڈ سیکشن کو ہی اردو میں پیش کیا گیا ہے۔ اگر اس میں فانٹ ایمبیڈنگ کر دی جائے تو یقیناً پڑھنے میں مزید آسانی ہوگی۔ اسی طرح اردو ترجمہ کرتے ہوئے اگر قارئین کی آسانی کے لیے سادہ زبان کا انتخاب کیا جائے تو زیادہ موزوں ہوگا ۔
آپ اردو ویب سائیٹ اس لنک پر ملاحظہ کر سکتے ہیں : waridtel.com/prepaid/urdu