کیو موبائل کی جانب سے نیا موبائل نوئر A10 متعارف

پاکستانی موبائل فون کمپنی کیو موبائل کی جانب سے آج نوئر سیریز کا نیا اینڈرائیڈ سمارٹ فون QMobile noirA10 متعارف کروا دیا گیا ہے۔ یہ کمپنی کی جانب سے اب تک پیش کیے جانے والے موبائل فونز میں سب سے زیادہ فیچرز کا حامل ہے۔

چند سال قبل پاکستان میں سستے اور معیاری  چائینہ موبائل فونز پیش کرنے سے شہرت حاصل کرنے والی کمپنی کیو موبائل اب سام سنگ ، نوکیا اور ایچ ٹی سی جیسی بڑی کمپنیوں سے ٹکر لینے کے تیار ہے۔ گذشتہ چند ماہ کے دوران کمپنی کی جانب سے یکے بعد دیگرے نت نئے اینڈرائیڈ فونز متعارف کروا کر صارفین کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

کمپنی کی جانب سے متعارف کروائے گئے نئے فون کی نمایاں خصوصیات کچھ یوں ہیں:

  • 5 انچ لمبی IPS FWVGA ٹچ سکرین۔
  • 1 گیگاہرٹز ڈول کور پراسیسر اور 512 ایم بی ریم۔
  • 8 میگا پکزل آٹو فوکس کیمرہ جس میں فلیش لائیٹ بھی نصب ہے۔
  • ویڈیو کالنگ کے لیے 1.3 میگا پکزل فرنٹ کیمرہ۔
  • 4 جی بی میموری اور 32 جی بی تک کارڈ کی سہولت۔
  • تھری جی ، بلیوٹوتھ ،وائی فائی اور گوگل پلے سٹور کے سہولت۔

کمپنی کی جانب سے فی الحال اس موبائل کی قیمت کا اعلان تو نہیں کیا گیا لیکن میرے اندازے کے مطابق اسکی قیمت کم و بیش 20 ہزار روپے مقرر کی جائے گی۔ اپنے فیچرز اور قیمت کے اعتبار سے اس فون کا اصل ہدف چین کی کمپنی ہواوے کا سمارٹ فون Ascend P1 ہے، جسکی قیمت 35 ہزار روپے ہے۔

گو کہ فیچرز اور ساخت کے اعتبار سے یہ فون کافی جاذب نظر لگتا ہے لیکن 512 ایم بی ریم اور آئس کریم سینڈوچ آپریٹنگ سسٹم شاید اسکی مقبولیت کو کم کر دیں۔ کمپنی کو چاہیے تھا کہ وہ اس فون میں کم از کم 1 جی بی ریم نصب کرتی تاکہ صارفین کو ملٹی ٹاسکنگ کے دوران فون کی سست رفتاری کی شکایت نہ ہو۔

آئی ٹی نامہ قارئین کی جانب سے بارہا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے کہ کیوموبائل کے سمارٹ فونز کا ری ویو پیش کیا جائے۔ اس حوالے سے ہم نے کافی بار کمپنی اور اسکی پی آر ایجنسی سے رابطہ کرنے کی کوشش کی ہے لیکن انکی طرف سے تاحال کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا۔

اپ ڈیٹ: فون کی قیمت 18500 روپے مقرر کی گئی ہے۔