آج کے دور میں سوشل میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے، یہ سوشل میڈیا کی طاقت ہی ہے جس کے سامنے حکمران اور الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے بڑے نام بھی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہیں۔ گو کہ پاکستان میں ابھی انٹرنیٹ صارفین اور خاص کر فیس بک صارفین کی تعداد دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں بہت کم ہے، لیکن اب بہت سی مقامی اور بین الاقوامی کمپنیاں اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لیے روایتی ذراع ابلاغ کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا جیسے فیس بک اور ٹوئٹر کا سہارا لے رہی ہیں۔
موبائل فونز کے حوالے سے پاکستان میں شہرت رکھنے والی کمپنی نوکیا کی جانب سے اس سال کے آغاز پر فیس بک پر نوکیا پاکستان کے نام سے پیج بنایا گیا تھا جہاں کمپنی کی جانب سے صارفین کو اپنی مصنوعات کے بار نت نئی معلومات ،صارفین کے مسائل کا حل اور مختلف گیمز وغیرہ کے ذریعے انعامات جیتنے کے مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔ گو کہ دیگر موبائل کمپنیوں نے بھی فیس بک پر اپنے پیجز بنا رکھے ہیں لیکن پاکستان میں نوکیا کی بے پناہ مقبولیت کے باعث 9 ماہ کے قلیل عرصہ میں ہی کمپنی کے فیس بک مداحوں کی تعداد 1 ملین سے تجاوز کرگئی ہے۔
اتنے کم عرصے میں اتنے زیادہ صارفین کا نوکیا پاکستان کے فیس بک پیج کو لائیک کرنا یقیناً صارفین کی جانب سے نوکیا پر بھروسہ کا اظہار ہے، ضرورت اس امر کی ہے نوکیا کی جانب سے پاکستانی صارفین کے اس لگاؤ اور محبت کی قدر کی جائے اور تمام نئی مصنوعات کو بروقت پاکستان میں متعارف کروایا جائے۔ کیونکہ عام طور پر پاکستانی مارکیٹ میں کوئی بھی نیا موبائل ماڈل اس وقت متعارف کروایا جاتا ہے جب باقی دنیا میں وہ پرانا ہوچکا ہو۔ اسی طرح پاکستان میں پیش کیے جانے والے فونز کی قیمتیں بھی عالمی منڈی سے زیادہ رکھی جاتی ہیں، جس کی وجہ سے بہت سے صارفین اب سام سنگ اور دیگر برانڈز کی مصنوعات کو ترجیح دیتے ہیں۔