کچھ عرصے انٹرنیٹ پر مختلف افواہیں گردش کررہی ہیں کہ گوگل، ایپل کے نئے آئی پیڈ منی کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک نئی کم قیمت نیکسس ٹیبلیٹ متعارف کروانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اسی حوالے سے دیگر اطلاعات کے مطابق پہلے سے فروخت کی جانے والی 16GB ٹیبلیٹ کی قیمت بھی کم کی جارہی ہے اور اب نئی 32GB ٹیبلیٹ جلد پیش کردی جائے گی۔
کیا یہ محض افواہیں ہیں؟ لگتا تو نہیں۔ کیونکہ حال ہی میں ایک جاپانی صارف کو غلطی سے 16GB ماڈل کی بجائے 32GB نیکسس 7 بھیج دی گئی۔ ایسا کیوں ہوا اور کیا جان بوجھ کر ایسا کیا گیا ابھی اس کے بارےمیں کچھ کہا نہیں جاسکتا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی چند لوگوں نے یہ دعوی کیا تھا کہ گوگل کی جانب سے 32GB ٹیبلیٹ جلد منظر عام پر لائی جارہی ہے۔
جاپانی صارف 16GB ٹیبلیٹ کی قیمت میں 32GB ٹیبلیٹ ملنے پر بہت خوش ہیں اور انہوں نے ٹوئٹر پر اس حوالے سے تصاویر بھی اپلوڈ کی ہیں۔
دیگر اطلاعات کے مطابق گوگل، سامسنگ کے ساتھ مل کر ایک 10.1 انچ ٹیبلیٹ کی تیاری میں مصروف ہے جو آئی پیڈ 3 کے مقابلے میں زیادہ بہتر ریٹینا ڈسپلے کی حامل ہوگی اور اسکی سکرین ریزولیوشن بھی زیادہ ہوگی۔